اسلام آباد : معروف مبلغ مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے مدینہ جیسی ریاست کا تصور دیا، آبادی میں اضافے کی بڑی وجہ غربت اور اس کے علاوہ معاشرتی دباﺅ بھی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں سپریم کورٹ کے آڈیٹوریم میں لا اینڈ جسٹس کمیشن کے زیر اہتمام بڑھتی ہوئی آبادی کے حوالے سے منعقدہ ایک روزہ سمپوزیم سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان اور سپریم کورٹ کے کئی ججز موجود تھے۔
مولانا طارق جمیل کا کہنا تھا کہ آبادی میں اضافے کی بڑی وجہ غربت ہے جبکہ اس کے علاوہ معاشرتی دباﺅ بھی ہے، شادی کو ایک سال یا کچھ اور عرصہ گزر جائے تو میاں بیوی بچے کی پیدائش نہ ہونے پر طعنے سن کر پریشان ہو جاتے ہیں۔
اولاد نہ ہو تو لڑکا حکیموں کے ہتھے چڑھ جاتا ہے، اللہ تعالیٰ نے انسان کو آگاہی اور سوچ سمجھے کیلئے علم عطا کیا ہے۔
مولانا طارق جمیل کا وزیر اعظم عمران خان سے متعلق مزید کہنا تھا کہ یہ پہلا حکمران ہے کہ جس نے مدینے کی فلاحی ریاست کا منشور پیش کیا، میں ان کو سلام پیش کرتا ہوں۔
مولانا طارق جمیل نے کہا کہ آبادی سندھ، پنجاب اور پختونخوا کے دیہات میں رہنے والے کم پڑھے لکھے لوگ بڑھاتے ہیں جن تک علم پہنچا ہی نہیں لیکن سیمینار اسلام آباد میں ہو رہا ہے، اس پر ہال میں قہقہے گونجے۔
مزید پڑھیں: عدل ہی قوموں کی ترقی کا زینہ ہے، مولانا طارق جمیل
انسان کا کام نیت کرنا ہے کامیابی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے، پولیس پر جب تک سیاسی لوگوں کا تسلط رہے گا انصاف کا نظام مضبوط نہیں ہوسکتا، ہمارا قانون بہت کمزور ہے، ایک کیس کا فیصلہ کرنے میں کئی کئی سال لگ جاتے ہیں، اب اس کمی کو دور کیسے کیا جائے، یہ ہمارے جج صاحبان بہتر طور پر جانتے ہیں۔