کراچی : عید قرباں کے قریب آتے ہی کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔ لوگ قربانی کیلئے اپنی پسند کا جانور خریدنے جوق در جوق آ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی سج گئی۔ ملک بھر سے قربانی کے جانور منڈی پہنچا دیئے گئے۔
گزشتہ کئی سالوں سے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سپر ہائی وے پر سات سو ایکڑ سے زائد رقبے پر ایشیا کی سب سے بڑی مویشی منڈی لگائی جاتی ہے۔
منڈی میں مختلف علاقوں سے چھوٹے بڑے ہر نسل کے تقریباً تین لاکھ سے زائد جانور بیچنے کے لیے لائے جاتے ہیں، جن میں ایک لاکھ 75ہزار بڑے جانور اور تقریباً ایک لاکھ 25ہزار چھوٹے جانور ہوتے ہیں۔
مویشی منڈی میں لوگ جانوروں کی قیمتیں سن کر کانوں کو ہاتھ لگا رہے ہیں لیکن پھر بھی پسند کا جانور بھاؤ تاؤ کے بعد خرید رہے ہیں۔
بچوں کی تو موج ہی ہو گئی وہ جانوروں کے ساتھ خوب تفریح بھی کررہے ہیں، کوئی بھیڑ کی سواری کررہا ہے تو کوئی اونٹ کے ساتھ تصویریں بنوا رہا ہے۔ کسی کا بیل اس کی جان بن گیا ہے تو کوئی بکرے سے پیار کررہا ہے۔
عید قرباں کے رنگ ملک بھر میں چھائے ہوئے ہیں اور کراچی سمیت ملک بھر میں مویشی منڈیوں میں رش لگا ہوا ہے۔ عید قربان جذبہ ایثار کا نام ہے اسی لیے ہر کوئی قربانی کیلئے خوبصورت اور صحت مند جانور کی تلاش میں ہے۔
عید قربان کے آتے ہی سب کی خواہش اور کوشش ہے کہ خوب سے خوب ترجانور قربان کیا جائے، مویشیوں کے بیوپاری بھی اپنے جانوروں کی صفائی ستھرائی میں مصروف ہیں۔