لندن: یونیورسٹی آف لندن نے پاکستانی اداکارہ ماورا حسین کو وکالت کی ڈگری سے نواز دیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستانی اداکارہ ان دنوں لندن میں ہیں جہاں انہوں نے گزشتہ روز یونیورسٹی آف لندن کے کنویکیشن میں والدین کے ہمراہ شرکت کی اور انہیں وکالت کی ڈگری دی گئی۔
اداکارہ نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کی جن میں سے ایک میں وہ اپنے والدین کے ساتھ بہت زیادہ خوش نظر آرہی تھیں۔
ماورا حسین نے تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے کبھی سوچا بھی نہیں تھا کہ اپنے شوبز کریئر کے ساتھ تعلیم بھی مکمل کرسکوں گی، مگر آج مجھے بے حد خوشی ہے کہ سب کی دعاؤں کی بدولت میں اسٹیج پر موجود ہوں‘۔ اداکارہ نے اپنے والدین اور مداحوں کا شکاریہ بھی ادا کیا۔
دوسری جانب لاہور میں شاہ حسین نامی شخص کے قاتلانہ حملے سے متاثر ہونے والی وکالت کی طالبہ خدیجہ صدیقی نے بھی سماجی رابطےکی ویب سائٹ پر اپنی تصویر شیئر کر کے بتایا کہ انہوں نے بھی یونیورسٹی آف لندن سے لاء کی ڈگری حاصل کرلی۔
They plan, and Allah plans. Surely, he is the best of planners.
Alhumdulilah Graduation! ❤️@UoLondon pic.twitter.com/Nwiu71FEg2
— khadija siddiqi (@khadeeeej751) March 6, 2019
یاد رہے کہ مئی 2016 میں قانون کی طالبہ خدیجہ صدیقی پر شاہ حسین نے خنجر کے 23 وار کیے تھے، جس سے وہ شدید زخمی ہوگئی تھیں۔
دوسری جانب اداکار عزیر جسوال نے بھی سالانہ تقریب میں شرکت کی اور اپنی ڈگری حاصل کی۔
یہ بھی یاد رہے کہ پاکستانی اداکارہ ماورا حسین نے 5 اکتوبر کو وکالت کے امتحان میں کامیاب ہوئیں تھیں، اداکارہکا شمار پاکستانی شوبز انڈسٹری کی اُن اداکارؤں میں ہوتا ہے جنہوں نے کم عمری سے ہی اداکاری کے میدان میں قدم رکھا اور اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ماورا نے شوبز انڈسٹری کی مصروفیات کے باوجود کبھی بھی اپنی تعلیم پر سمجھوتہ نہیں کیا اسی وجہ سے وہ بالاًخر وکیل بننے میں کامیاب بھی ہوئیں۔
اداکارہ نے گزشتہ برس اگست میں ایل ایل بی کے امتحانات میں امتیازی نمبروں سے کامیابی حاصل کی تھی، انہوں نے 85 فیصد نمبروں سے وکالت کا امتحان پاس کیا تھا۔
ماورا نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی تصویر شیئر کی تھی جس کے ساتھ انہوں نے لکھا کہ ’اللہ تعالیٰ بہت غفور و رحیم ہے، میرے والدین نے وکالت پڑھنے میں میری بہت زیادہ مدد کی اور اپنا تعاون بھی پیش کیا۔ انہوں نے دعائیں کرنے والے مداحوں اور عزیز و اقارب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اللہ کا شکر بھی ادا کیا‘۔