شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ ماورا حسین نے لڑکیوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ شادی میں جلد بازی نہ کریں اور صحیح شخص کا انتظار کریں۔
اداکارہ ماورا حسین نے حال ہی میں یوٹیوب چینل کر انٹرویو دیا جس میں انہوں نے نجی زندگی اور شادی کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔
انہوں نے کہا کہ لڑکیوں کو کبھی بھی شادی کے معاملے میں معاشرتی دباؤ میں آکر جلد بازی میں فیصلہ نہیں کرنا چاہیے۔
ماورا حسین نے کہا کہ لڑکیاں جب 30 برس کی ہوتی ہیں تو ان پر شادی کے لیے دباؤ ڈالا جاتا ہے لیکن پوری زندگی کا فیصلہ ہوتا ہے اسے سوچ سمجھ کر کرنا چاہیے۔
اداکارہ نے کہا کہ لوگوں کا کیا ہے وہ تو باتیں بناتے ہی ہیں لیکن لڑکیاں پہلے اپنی خوشی کو ترجیح دیں اور بہتر شخص ملنے پر شادی کا فیصلہ کرلیں۔
یہ پڑھیں: ماورا حسین نے دلہنوں کو اہم مشورہ دے دیا
انہوں نے بتایا کہ انہیں بھی اس طرح کی باتیں سننے کو ملتی تھیں، لیکن وہ ہمیشہ اللہ سے یہی دعا کرتی تھیں کہ وہ ان کے لیے بہترین انسان منتخب کرے اور وہ دعا پوری ہوگئی۔
ماورا حسین نے بتایا کہ ان کے سسرال والے بہت اچھے ہیں، جب کہ شوہر امیر گیلانی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ وہ جیسے نظر آتے ہیں ویسے ہی ہیں، کسی قسم کا دکھاوا نہیں کرتے اور ان کے معیار پر پورے اترتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امیر گیلانی ان کی بات کو سمجھتے ہیں اور ان کے فیصلوں کا احترام کرتے ہیں، جو کسی بھی رشتے میں سب سے ضروری چیز ہے۔
خیال رہے کہ ماورا حسین رواں سال فروری میں اپنے قریبی دوست اور اداکار امیر گیلانی کے ساتھ شادی کے بندھن میں بندھی تھیں۔


