کراچی(6 فروری 2026): میئر کراچی مرتضیٰ ویاب نے گل پلازہ کے دکانداروں کو رمضان المبارک میں بلا معاوضہ 1200 اسٹالز لگا کر دینے کا اعلان کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کی بحالی کیلئے بڑا فیصلہ کیا گیا ہے، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ نے کے ایم سی حکام کو بحالی منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت جاری کردی۔
میئر کراچی نے گل پلازہ کی تعمیر سے قبل دکانداروں کو ریلیف دینے کا اعلان کیا ہے، رمضان المبارک میں گل پلازہ کے متاثرین کو بلا کسی معاوضہ 1200 اسٹالز لگا کر دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ویڈ زون میں قائم پولو گراونڈ میں اسٹال لگانے کی اجازت دیں، گل پلازہ کے دکانداروں اور انتظامیہ سے افسران کو رابطہ کرنے کا حکم دیا ہے۔
میئر کراچی کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی، سندھ حکومت اور کے ایم سی سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے ساتھ کھڑی ہے، رمضان المبارک تاجروں کا سیزن ہوتا ہے انکی ہر ممکن مدد کرینگے، پیپلز پارٹی سانحہ گل پلازہ کے متاثرین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔
اس سے قبل آج وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یقین دہانی کروائی ہے کہ سانحۂ گل پلازہ میں دکانداروں کے نقصان کا ازالہ کریں گے، 2 سے 3 ہفتوں میں دکانداروں کو امدادی رقم فراہم کر دی جائے گی۔
وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ کراچی چیمبر نے گل پلازہ کے دکانداروں کی فہرست فراہم کی ہے، جبکہ متاثرہ دکانداروں کو فی کس 5، 5 لاکھ روپے کی امداد دینا شروع کر دی گئی ہے، متاثرین کے کاروباری سامان کے نقصان کا تخمینہ لگا کر ادائیگیاں کی جائیں گی۔


