کراچی : میئر کراچی وسیم اختر اور ان کی اہلیہ نے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کیلئے ایک لاکھ روپے کا عطیہ جمع کرادیا، وسیم اختر کا کہنا ہے کہ تمام پاکستانیوں کو چاہئے کہ وہ ڈیمز کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں۔
تفصیلات کے مطابق دیامر، بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیراتی فنڈز میں میئر کراچی وسیم اختر اور ان کی اہلیہ نائلہ واجد خان کی جانب سے ایک لاکھ روپے عطیہ کردیا۔
وسیم اختر کا کہنا تھا کہ فنڈز میں عطیہ اپنے اکاونٹ سے دیا ہے، تمام پاکستانیوں کو چاہیئے کہ وہ ڈیمز کی تعمیر میں اپنا حصہ ڈالیں، ڈیمز کی تعمیر ملک کیلئے ناگزیر ہے۔
انھوں نے کہا کہ اگر ملک بھر میں ڈیمز تعمیر نہ ہوئے تو ہمارا ملک بھی ساوتھ افریقہ کی طرح ایک دن زیرو ڈے منائے گا، سپریم کورٹ کی جانب سے ڈیمز کی تعمیر میں پیش رفت خوش آئند ہے۔
یاد رہے گذشتہ روز مسلح افواج نے ڈیموں کی تعمیر کے کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ تینوں مسلح افواج کے افسران 2دن کی تنخواہ فنڈ میں جمع کرائیں گے۔
اس سے قبل چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے ڈیمز کی تعمیر کے لئے دس لاکھ روپے کا عطیہ جمع کرایا تھا جبکہ میئر کراچی اور پیر پگارا نے ہر قسم کے تعاون کی پیشکش کی تھی اور میئر کراچی بنے اپنی اور کے ایم سی افسران کی طرف سے ایک ایک لاکھ روپے فنڈ عطیہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
یاد رہے گزشتہ دنوں کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت چیف جسٹس آف پاکستان نے دیامیر بھاشا اور مہمند کو فوری تعمیر کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے فنڈز قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔