جمعرات, مارچ 27, 2025
اشتہار

لندن کے میئر صادق خان لاہور پہنچ گئے

اشتہار

حیرت انگیز

لاہور: لندن کے میئر صادق خان واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے‘ ان دنوں وہ ’ لندن اس اوپن‘ کے عنوان سے جنوبی ایشیا کا خیر سگالی کا دورہ کررہے ہیں‘ اس دورے کا مقصد برصغیر کے شہروں کا برطانوی پایہ تخت سے تعلقات کو مزید فروغ دینا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لندن کے میئر آج تین روزہ دورے پر لاہور پہنچے ہیں‘ لاہور کے میئر مبشر جاوید اور برطانوی ہائی کمشنر تھامس اینڈریو نے ان کا استقبال کیا۔ پاکستان آمد سے قبل انہوں نے چار دن بھارت میں قیام کیا۔

لاہور آمد کے موقع پر برطانوی ہائی کمشنر‘ میئر لاہور کے علاوہ کمشنر لاہور عبداللہ سنبل اور ڈی سی لاہور سمیت متعدد سرکاری عہدیداران موجود تھے۔ صادق خان اپنے نو رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان تشریف لائے ہیں‘ یہاں سے وہ اسلام آباد اور کراچی بھی جائیں گے۔

پاکستان میں اپنےمختصر قیام کے دوران وہ برطانوی ہائی کمشنر اور دیگر اہم شخصیات سے ملاقات کے علاوہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی جانب سے دیے گئے ظہرانے میں بھی شرکت کریں گے ‘ جبکہ صادق خان بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کا بھی دورہ کریں گے۔

ان کی آمد کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ’’ ہم تاریخی اہمیت کے حامل شہر لندن کے میئرصادق خان کو تاریخی اہمیت کے حامل شہر لاہور میں خوش آمدید کہتے ہیں‘‘۔

دورے سے قبل ان کا کہنا تھا کہ ’’میں پاکستان اور بھارت کو بہت اچھے سے سمجھتا ہوں‘ بالخصوص ان ممالک کے کلچر کی وجہ سے – مجھے بالی وڈ اور سپورٹس پسند ہے‘ اور دونوں ممالک میں میرا خاندان بھی ہے‘‘۔

پاکستان کے دورے کے دوران وہ میئر صادق خان سینئر سیاستدانوں سے ملاقات کے علاوہ ثقافتی اور تجارتی شعبے کی اہم شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔ یاد رہے کہ پاکستان اور یوکے کے درمیان دو طرفہ تجارت کا حجم ڈھائی بلین پاؤنڈز ہے پاکستان میں سرمایہ کاری میں لندن تیسرے نمبر پر آتا ہے۔

اس سے قبل دورۂ پاکستان کا اعلان کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ غیر قانونی آمدن سے حاصل ہونے والا پیسہ لندن میں جائیداد کی خرید و فروخت کے لیے لگایا جارہا ہے، حکومت سے اس طرز کی خرید و فروخت پر پابندی کی بات جاری ہے۔کہ لندن میں غیر قانونی انویسٹمنٹ روکنے کی کوشش شروع کردی ہے ‘ ہم لندن کو دنیا کا منی لانڈرنگ دارلحکومت نہیں بننے دیں گے

یاد رہے کہ گزشتہ برس مئی برطانیہ میں بلدیاتی (لوکل) گورنمنٹ کے انتخابات کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں پاکستانی نژاد برطانوی شہری صادق خان نے کامیابی حاصل کی اور وہ برطانیہ کی تاریخ کے پہلے مسلمان میئر منتخب ہوئے تھے۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں