لاہور : میئر لندن صادق خان نے کہا ہے کہ داعش کا اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے تاہم داعش کا مقابلہ تعلیم اور مذہبی رواداری سے کیا جا سکتا ہے، خوشی ہے پاکستان میں جمہوریت آگے بڑھ رہی ہے.
ان خیالات کا اظہار لندن کے پہلے پاکستان نژاد مسلم میئر صادق خان نے لاہور کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں مبصر کی حیثیت سے پاکستان چکا ہوں جب پاکستان کی سیاسی تاریخ میں پہلی بار جمہوری حکومت کی تبدیلی کا عظیم الشان مرحلہ دیکھنے کو ملا تھا.
انہوں نے کہا کہ عدلیہ،مقننہ اورانتظامیہ ریاست کے اہم ستون ہیں تاہم بعض اوقات ریاستی اداروں میں تناؤ کی کیفیت دیکھی جاسکتی ہے لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ پاکستان میں جمہوریت کی گاڑی رواں دواں ہے اور یہ سفر آگے کی جانب بڑھ رہا ہے.
ایک سوال کے جواب میں میئر لندن کا کہنا تھا کہ برطانیہ میں پاکستانی سیاستدانوں کا قیام میرے دائرہ اختیار میں نہیں ہے اور بریگزیٹ کے بعد برطانیہ کو نئے تجارتی پارٹنرز کی ضرورت ہے جس کے لیے پاکستان اور بھارت میں تجارتی اور کاروباری مواقع موجود ہیں.
اسی سے متعلق : لندن کے میئر صادق خان لاہور پہنچ گئے
پاکستان میں اپنے قیام سے متعلق انہوں نے کہا کہ اپنے وطن پہنچ کر خوشی محسوس کررہا ہوں دل کرتا ہے کہ یہاں طویل قیام کروں لیکن مجبوری ہے اس لیے آئندہ 2 روز میں مزید دو پاکستانی شہروں کا دورہ کروں گا اور پھر واپس برطانیہ لوٹ جاؤں گا تاہم جلد ہی دوبارہ پاکستان آؤں گا.
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف سے ہونے والی ملاقات کو خوش گوار اور مفید ملاقات قرار دیتے ہوئے کہا کہ دوران ملاقات مختلف تجارتی امور پر سود مند گفتگو رہی ہے.