اسلام آباد : وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے میٹروپولیٹن کارپوریشن کے میئر کے انتخاب کا فیصلہ آگیا تاہم یہ فیصلہ غیر حتمی اور غیر سرکاری ہے۔
مئیر آفس میں پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہا۔ میئر اسلام آباد کے ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ کا وقت ختم ہونے کے بعد امیدواروں اور پولنگ ایجنٹس کی موجودگی میں ووٹوں کی گنتی کا عمل شروع کیا گیا۔
اس سلسلے میں غیر حتمی اور غیر سرکاری نتیجے کے مطابق میئراسلام آباد کیلئے غیر سرکاری نتیجہ کے مطابق اب تک کی گنتی کے بعد ن لیگ کے پیر عادل شاہ کامیاب قرار پائے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انہوں نے 43 ووٹ حاصل کیے، ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے ملک سجاد کو26ووٹ ملے، میئراسلام آباد کیلئے مجموعی طور پر73 میں سے 69 ووٹ ڈالے گئے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد کے سابق میئر شیخ انصر عزیز کے استعفے کے بعد مئیر کی نشست خالی ہوئی تھی۔
میئر کےانتخاب کے لیے مجموعی طور پر 3امیدواروں کے درمیان مقابلہ تھا جن میں پیرعادل شاہ نون لیگ اور ملک ساجد محمود پی ٹی آئی کے امیدوار جبکہ اظہر محمود نے آزاد حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیا تھا، پہلا ووٹ یوسی چیئرمین 35 کے ملک محمد رفیق نے کاسٹ کیا۔