کراچی : میئر کراچی وسیم اختر نے سیکیورٹی خدشات کے حوالے سے کور کمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کو خط لکھ دیے اور سیکیورٹی مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا۔
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی وسیم اختر کو ایک اور پریشانی نے آ گھیرا، سیکیورٹی درخواست کے باوجود کراچی کے میئر کو سیکیورٹی نہ ملی، مئیر وسیم اختر نے کورکمانڈر کراچی اور ڈی جی رینجرز کو سیکیورٹی خدشات پر خط لکھ دیے۔
جس میں انہوں نے بتایا کہ شدید سیکیورٹی خطرات لاحق ہیں، سندھ حکومت مناسب سیکیورٹی فراہم نہیں کر رہی ہے۔ مئیر کراچی نے مطالبہ کیا کہ انھیں سیکیورٹی دی جائے، کام کرنا چاہتا ہوں۔
دوسری جانب کے ایم سی کے میونسپل کمشنر نے تحریری طور پر آئی جی سندھ سے درخواست کر دی ہے، خط میں کہا گیا ہے کے ایم سی ہیڈ آفس، میئر، ڈپٹی میئر کو مناسب سیکورٹی دی جائے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے پولیس اور حساس اداروں کو خط لکھا گیا تھا، جس میں میئر کراچی وسیم اختر کی جان کو شدید خطرات سے متعلق آگاہ کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں : وسیم اختر کی جان کو ایم کیو ایم لندن سے خطرہ ہے، حساس ادارے
حساس اداروں کی جانب سے صوبائی وزارتِ داخلہ کو بھیجے مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر کی جان کو خطرہ لا حق ہے سیاسی اختلافات کی وجہ سے ایم کیو ایم لندن ان پر قاتلانہ حملہ کرواسکتی ہے۔