مانچسٹر (03 جنوری 2026): برطانیہ میں صرف عام جرائم نہیں بلکہ ثقافتی و تاریخی اشیا کی چوریوں کا رجحان بھی بڑھنے لگا ہے، گزشتہ روز ایک اور بڑی واردات میں ویسٹ یارکشائر کے ٹاؤن ڈیوزبری (Dewsbury) کے ہال سے 129 سالہ پرانا تاریخی میئرل ہار چوری کر لیا گیا۔
ویسٹ یارکشائر پولیس کے مطابق گزشتہ رات تقریباً 8:15 بجے پر چور چھت کے راستے ٹاؤن ہال کی عمارت میں داخل ہوئے، پولیس افسران کا کہنا ہے کہ اندر داخل ہونے کے بعد گروہ نے ایک الماری کو نشانہ بنایا، جس میں سونے اور چاندی والا ہار رکھا گیا تھا، جو 1897 سے تعلق رکھتا ہے۔
پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے، پولیس نے عوام سے معلومات فراہم کرنے کی بھی اپیل کی اور کہا کہ یہ میئر کے منصب سے جڑا یہ ہار اہم ثقافتی اور تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔
کونسل لیڈر کیرول پیٹسن نے میئر کے ہارِ منصب کی چوری پر کہا کہ وہ اس واقعے پر شدید صدمے میں ہیں، چوری شُدہ سونے اور چاندی کے یہ میئرل ہار 1897 سے ڈیوزبری کی علامت ہے۔
کونسل لیڈر نے کہا کہ مقامی کونسل اور پولیس مل کر ہاروں کی واپسی کے لیے کام کر رہے ہیں، تاریخی ورثے کی واپسی کے لیے پوری کوشش جاری ہے، جس کسی کے پاس اس چوری سے متعلق کوئی معلومات ہوں وہ پولیس سے رابطہ کرے، تاکہ ان مقامی خزانوں کو واپس حاصل کیا جا سکے۔
واضح رہے کہ گزشتہ پانچ دنوں کے دوران اس سے قبل دو اور بڑی وارداتیں بھی ہوئی ہیں، جن میں سے ایک میں بریسٹل کے علاقے میں ایک میوزیم سے 600 سے زائد تاریخی نوادرات کی سب سے بڑی چوری ہوئی، جب کہ ایک ہی دن قبل برطانوی باکسنگ چیمپیئن تھیڈڈی بالڈاک کا تاریخی مجسمہ جو مشرقی لندن کے پارک میں نصب تھا، بھی چور چُرا لے گئے۔
زاہد نور اے آر وائے نیوز کے ساتھ مانچسٹر سے بطور نمائندہ خصوصی منسلک ہیں


