جگر صاحب کا نام بچپن سے ہی سنتا آیا تھا۔ میٹرک کا طالب علم تھا جب اپنے بڑے بھائی جناب حسن امام دردؔ کے اصرار پر پہلی دفعہ کسی مشاعرہ میں شرکت کا اتفاق ہوا۔ مجھے اس وقت تک شاعری، مضمون نگاری وغیرہ سے خدا واسطے کا بیر تھا۔ شاید اس لیے کہ مجھ میں لکھنے لکھانے کی کوئی تحریک پیدا نہیں ہوئی تھی۔
بھائی صاحب چھپ چھپ کر افسانے بھی لکھتے اور شعر بھی کہتے۔ میں اماں سے اس کی شکایت کیا کرتا۔ اور اسکول کی درسی کتابوں سے بے توجہی برتنے پر انھیں ڈانٹ پلوا کر دل ہی دل میں خوش ہوتا۔ بھائی صاحب جانتے تھے کہ انھیں مشاعرے میں تنہا جانے کی اجازت نہیں مل سکتی، اس لیے انھوں نے بہلا پھسلا کر مجھے بھی چلنے کو رضامند کیا اور میرا سہارا لے کر اماں سے اجازت لی۔ مشاعرے کے لیے جگرؔ صاحب کا ایک مصرع بہ طور طرح دیا گیا تھا:
‘نادیدہ اک نگاہ کیے جارہا ہوں’
اس غزل کے ایک شعر نے عوام میں اچھی خاصی مقبولیت حاصل کرلی ہے:
گلشن پرست ہوں، مجھے گل ہی نہیں عزیز
کانٹوں سے بھی نباہ کیے جارہاہوں
اس غزل کا ایک اور شعر بہت مشہور ہوا جسے اردو کے عمدہ اشعار میں شمار کرنا چاہیے:
یوں زندگی گزار رہا ہوں ترے بغیر
جیسے کوئی گناہ کیے جارہا ہوں میں
میرے نیم پخت ذہن پر مشاعرے سے کس کس طرح کے اثرات مرتب ہوئے ان پر تفصیل سے روشنی ڈالنا میرے لیے ممکن نہیں ہے۔ البتہ اتنا ضرور ہے کہ دوسرے ہی دن میں نے اسی طرح پر ایک غزل لکھنے کی کوشش کی۔ اگر میں اپنے پرانے کاغذات تلاش کروں تو شاید وہ غزل بھی اپنی اصلی شکل میں مل جائے لیکن اس کے اشعار یہاں پیش کر کے میں آپ سے اپنی ہنسی کیوں اڑاؤں؟
اتنا ہی نہیں، بلکہ اس مشاعرے کے بعد مجھ میں پہلی دفعہ درسی کتابوں کے علاوہ بھی کچھ لکھنے پڑھنے کی خواہش پیدا ہوئی، اور کچھ دنوں بعد جب اسکول میں گرما کی تعطیلات ہوئیں تو میں نے ایک ڈیڑھ ماہ کے عرصہ میں کم و بیش تیس چالیس ناول ختم کیے جن میں زیادہ تر فضل بک ڈپو کے جاسوسی ناول تھے یا پھر عبدالحلیم شررؔ کے نیم تاریخی ناول۔ میں نے اسی دوران میں ۲۱ طبع زاد افسانے بھی لکھے۔ جی ہاں، اکیس! بس سمجھ لیجے، وہ افسانے کیسے رہے ہوں گے!
مختصر یہ کہ مجھ میں ادبی ذوق پیدا کرنے اور مجھے شاعری کی طرف راغب کرنے میں کسی نہ کسی طور پر جگرؔصاحب کا بھی حصہ ہے، یہ اور بات ہے کہ جگرؔ صاحب آخر وقت تک اس حقیقت سے بے خبر رہے۔
(آزاد غزل کے موجد کی حیثیت سے مشہور مظہر امام کے ایک مضمون سے اقتباس)
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


