تازہ ترین

سعودی ولی عہد چین پہنچ گئے

بیجنگ: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اپنے ایشیا ٹور کے تیسرے ملک چین پہنچ گئے ہیں، اس سے قبل انہوں نے پاکستان اور بھارت کا دورہ کیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان آج اپنے چار ملکی دورے کے سلسلے چین پہنچ گئے ہیں، اس موقع پر ان کے استقبال کے لیے چینی حکام کی بڑی تعداد ایئر پورٹ پر موجود تھی جن میں چین کی سیاسی کونسل کے ڈپٹی چیئر مین خی لی فنگ، اور سعودی عرب میں چین کے سفیر لی ہوا ژن شامل ہیں۔

سعودی ولی عہد اپنے اس دورے میں چین کی دیگر اہم شخصیات کے ساتھ ساتھ چینی صدر ژی جن پنگ سے بھی ملاقات کریں گے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے اس دورے کا آغاز پاکستان سے کیا تھا ، جہاں ان کا فقید المثال استقبال کیا گیا۔ پاکستان کے دورے پر 20 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے معاہدے بھی تشکیل پائے۔ ولی عہد کو پاکستان کے اعلیٰ ترین سول اعزاز نشانِ پاکستان سے بھی نوازا گیا تھا۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورۂ پاکستان کی تصویری جھلکیاں

پاکستان کے بعد وہ بھارت گئے تھے جہاں انہوں نے بھارتی وزیر اعظم نریند ر مودی اور صدر مملکت رام نا تھ کووند سے بھی ملاقات کی تھی۔ دورے کے بعد اختتامی اعلامیے میں بھارت کی بھرپور کوشش کے باوجود محمد بن سلمان نے پلوامہ حملے میں پاکستان کے خلاف بھارتی الزام تراشی پر کسی بھی قسم کا تبصر ہ نہیں کیا۔

دوسری جانب چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے اپنی ہفتہ وار پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ پاکستان میں سعودی عرب کی جانب سے سرمایہ کاری کا آنا خوش آئند ہے۔

پاک چین اقتصادی راہداری سے متعلق چینی وزارت خارجہ کا مؤقف تھاکہ سی پیک میں تیسرے فریق کی شمولیت پر پہلےہی فریم ورک طے پاچکا ہے، سی پیک، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے میں علم بردارکی حیثیت رکھتی ہے۔

بھارتی ہرزہ سرائی پر تبصر ہ کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت خطے کے اہم ملک ہیں۔ امید ہے کہ دونوں ملک تحمل سے کام لیتے ہوئے مذاکراتی راہ اختیار کریں گے اور جلد از جلد اپنے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کریں گے ۔

Comments

- Advertisement -