اسلام آباد : عرب نیوز کا کہنا ہے کہ سعودی ولی عہد نے خیبر پختونخوا میں پاکستانی ہیروفرمان علی خان کے نام سے منسوب ہیلتھ سینٹر قائم کرنے کا اعلان کردیا، فرمان علی خان نے 2009 سیلاب میں جدہ میں 14لوگوں کی جان بچائی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سعودی ولی عہد نے پاکستانی عوام کے لیے ایک اور تحفہ کا اعلان کردیا، عرب نیوز کا کہنا ہے کہ سعودی عرب خیبر پختونخوامیں ہیلتھ سینٹرقائم کرےگا، ہیلتھ سینٹرپاکستانی ہیروفرمان علی خان کےنام سےمنسوب کیا جائے گا، ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات میں آگاہ کیا تھا۔
واضح رہے 2009 میں فرمان علی خان شہید جدہ کے سیلاب میں 14افراد کو بچانے کے بعد ڈوب گئے تھے۔
خیال رہے سعودی عرب کی جانب پاکستان میں 21 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، حکومت کی جانب سے جاری انوسٹمنٹ پلان کے مطابق سرمایہ کاری کے تین مراحل میں قلیل، وسط اور طویل المدتی منصوبے شامل ہیں۔
اس سے قبل سعودی ولی عہد نےوزیراعظم عمران خان کی درخواست پر 2107 پاکستانی قیدیوں کی رہائی کااعلان کیا تھا۔
مزید پڑھیں : سعودی ولی عہدکا 2107پاکستانیوں کی فوری رہائی کاحکم
یاد رہے گذشتہ روز سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان اسلام آباد پہنچے ، وزیراعظم ، آرمی چیف اور اراکین نے ان کا استقبال کیا ، جس کے بعد وزیراعظم ہاؤس میں وزیر اعظم عمران خان اورولی عہد کی ون آن ون ملاقات ہوئی ، جس میں باہمی تعلقات کونئی بلندیوں پرلےجانےکاعزم کیاگیا اور دونوں ملکوں کےدرمیان سات تاریخی معاہدوں پر دستخط کیےگئے۔
پروقار تقریب میں وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی اورمہمان سعودی وزیرخارجہ نے اسٹینڈرڈائزیشن کے شعبےمیں تعاون کی مفاہمتی یادداشت ، وزیربین الصوبائی رابطہ فہمیدہ مرزا اور سعودی وزیرعادل الجبیر نے کھیلوں کےشعبے میں خصوصی تعاون کےمعاہدے، وزیرخزانہ اسد عمراورمہمان سعودی وزیرنے سعودی مصنوعات کی درآمد اور سعودی فنڈ سے توانائی کے شعبوں میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے۔
وزیرپٹرولیم غلام سرورخان اور سعودی وزیرتوانائی خالدالفالح نےآئل ریفائنری اور پٹروکیمیکل کمپلیکس کی تعمیراور معدنی وسائل کی ترقی کے معاہدے اور وزیر بجلی عمر ایوب اور سعودی وزیر نے متبادل توانائی کے شعبے میں تعاون کی مفاہمتی یادداشت پردستخط کیے۔
بعد ازاں سعودی ولی عہد شہزادہ محمدبن سلمان کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا گیا اور انھیں پاکستان کے اعلیٰ ترین ایوارڈ نشانِ پاکستان سےنوازا گیا۔