کراچی : سندھ ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ میں 190 نمبرز لینے والے طلبا کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری سندھ ، سیکرٹری صحت اور سیکرٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز کو طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈی کیٹ کے نتائج کیس میں سندھ ہائیکورٹ نے تحریری حکم نامہ جاری کردیا ، جس میں چیف سیکرٹری سندھ ، سیکرٹری صحت اور سیکرٹری بورڈ اینڈ یونیورسٹیز کو طلب کیا گیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ نے صدر پی ایم سی ڈاکٹررضوان تاج کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے صوبے بھر کے میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز بھی طلب کرلئے۔
عدالت نے کہا کہ موجودہ انٹری ٹیسٹ کے میکنزم سے طلبا اور والدین پر دباؤ ہوتا ہے، ایسے میکنزم کی وجہ سے کرپشن اور غیر قانونی سرگرمیوں کا موقع مل رہا ہے۔
عدالت کا کہنا تھا کہ انٹری ٹیسٹ کومستقبل میں شفاف بنانےکیلئےمتعلقہ حکام سےرائےطلب کی جائے اور آئی بی اے سے بھی مشاورت کی جائے کیا وہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ کراسکتے ہیں۔
عدالت نےدرخواست گزار سے 190نمبرز لینے والے طلبا کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا اور کیس کی سماعت 9 اکتوبرتک ملتوی کردی۔