کراچی : سوئی ناردرن گیس کمپنی کے ایم ڈی کا کہنا ہے کہ پنجاب اور کے پی کے صارفین کو گیس صرف آٹھ گھنٹے ملے گی۔
تفصیلات کے مطابق ایم ڈی سوئی نادرن گیس علی جے ہمدانی نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین روس جنگ کی وجہ سے گیس کی سپلائی متاثر ہوئی ہے ، عالمی منڈی میں آر ایل این جی مہنگی ہونے کی وجہ سے اس بار زیادہ گیس نہیں خریدی جا سکی جبکہ لو پریشر والے علاقوں میں ایل پی جی سلنڈر فراہم کر رہے ہیں۔
علی جے ہمدانی کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کو گیس منقطع نہیں کر رہے، بحران کی وجہ سے نئے کنکشنز پر پابندی عائد ہے۔
بحران کے باوجود گھریلو صارفین کو صبح، دوپہراورشام میں گیس فراہم کریں گے ، صبح 6 سے9 ، دوپہر 12 سے 2 اور شام میں 6 سے9 بجے تک گیس ملے گی۔
انھوں نے کہا کہ اربوں روپے کی گیس چوری پکڑی ہے ، کمپریسر لگا کر گیس استعمال کرنے والوں کے خلاف کارروائی کررہے ہیں ۔
ایم ڈی سوئی ناردرن گیس کمپنی کا کہنا تھا کہ گیس کی قیمت میں اضافہ ہونا چاہئیے کیونکہ ہم مہنگی گیس خرید کر سستی نہیں بیچ سکتے