اسلام آباد: ایم ڈی کیٹ کے پاسنگ مارکس میں کمی کا اعلان کر دیا گیا ، ایم بی بی ایس کے لیے پاسنگ مارکس 55 سے کم کر کے 52 فیصد ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل نے تعلیمی سیشن 26-2025 کے لیے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز میں خالی نشستوں کو پر کرنے کے لیے ایم ڈی کیٹ کے پاسنگ مارکس میں "ون ٹائم” کمی کا اعلان کر دیا ہے۔
پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کے بعد کیے گئے اس فیصلے کے تحت، یونیورسٹیاں خالی نشستوں کی صورت میں پاسنگ مارکس میں 3 فیصد تک کمی کر سکیں گی۔
اب ایم بی بی ایس کے لیے پاسنگ مارکس 55 سے کم کر کے 52 فیصد اور بی ڈی ایس کے لیے 50 سے کم کر کے 47 فیصد مقرر کیے گئے ہیں۔
تاہم کونسل نے ہدایت کی ہے کہ پہلے سے میرٹ پر پورا اترنے والے طلبہ کو ترجیح دی جائے گی، اور یہ رعایت صرف خالی نشستوں کو بھرنے کے لیے ہوگی۔
دوسری جانب، تعلیمی ماہرین اور والدین نے اس فیصلے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ بار بار پاسنگ مارکس کم کرنے سے طبی تعلیم کے معیار پر سمجھوتہ ہو سکتا ہے۔
والدین نے کونسل پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو میرٹ کم کرنے کے بجائے بھاری ٹیوشن فیسوں پر توجہ دینی چاہیے، جو کہ 25 سے 29 لاکھ روپے تک پہنچ چکی ہیں۔
پی ایم ڈی سی نے پرائیویٹ کالجز کو فیسوں میں کمی کی تجویز دیتے ہوئے 15 اپریل 2026 کو داخلوں کی آخری تاریخ مقرر کی ہے


