باہمت عظمیٰ ٹریننگ کے بعد مکینکل انجینئر بن گئیں، آٹو ورک شاپ میں کام کرتے دیکھ کر لوگ حیران -
The news is by your side.

Advertisement

باہمت عظمیٰ ٹریننگ کے بعد مکینکل انجینئر بن گئیں، آٹو ورک شاپ میں کام کرتے دیکھ کر لوگ حیران

ملتان: اولیا کے شہر ملتان سے تعلق رکھنے والی باہمت لڑکی عظمیٰ نے مکینکل انجینئرنگ کی ٹریننگ کے بعد آٹو ورک شاپ میں کام شروع کر دیا، لوگ انھیں ورک شاپ میں کام کرتے دیکھ کر حیران رہ جاتے ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے رپورٹر طاہر خان کی رپورٹ کے مطابق ملتان کے ایک نواحی علاقے سے تعلق رکھنے والی لڑکی عظمیٰ نواز نے اسکالر شپ کے ذریعے انجینئرنگ کی ڈگری لی اور ورک شاپ میں جاب کرنے لگیں۔

آٹو انجینئر عظمیٰ نواز فور وہیل کے انجن سے لے کر ٹائروں کی الائمنٹ تک سبھی مشکل اور سخت کام دل جمعی سے کرتی ہیں، وہ خود کو نازک لڑکی سمجھ کر کبھی اپنے عزم سے پیچھے نہیں ہٹیں۔

ورک شاپ میں ملازمت کرنے والی عظمیٰ کا کہنا ہے کہ وہ محنت میں عظمت کے مقولے پر یقین رکھتی ہیں، انھیں ورک شاپ میں کام کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوا۔


اسے بھی ملاحظہ کریں:  پاکستانی نژاد روبینہ شاہ کے لیے ایک اور خصوصی اعزاز


باہمت عظمیٰ ٹریننگ کے بعد آٹو موبائل انڈسٹری میں کام کرنے کے ساتھ ساتھ غریبوں کی مدد کرنے کا بھی جذبہ رکھتی ہیں، وہ خراب انجن کی منٹوں میں مرمت کر دیتی ہیں۔

مکینکل انجینر عظمیٰ آٹو موبائلز کی انڈسٹری میں اپنا نام اور مقام بنانے کے لیے ورک شاپ میں سخت محنت کرتی ہیں، عظمیٰ نے اپنے سامنے ایک مقصد رکھا ہے کہ وہ آگے بڑھتے ہوئے ملک کے لیے بھی کوئی خدمت انجام دے سکے، اور پاکستان کا نام دنیا میں روشن کرسکے۔

عظمیٰ نواز نے اپنے پیغام میں کہا کہ نوجوان بالخصوص لڑکیاں اپنے آپ کی حوصلہ افزائی کریں، اور خود ہی پر انحصار کرنا سیکھیں۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں