لاہور: میڈیا لاجک کے سی ای او سلمان دانش نے انکشاف کیا ہے کہ ایک مخصوص ٹی وی چینل نے اپنی ریٹنگ بڑھانے کے لئےان کے ملازمین کو خریدا۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا لاجک کے سی ای او سلمان دانش نے لاہورمیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک عرصے سے اے آروائی ڈیجیٹل پہلے نمبرپرتھا لیکن گڑبڑ کے سبب اس کی ریٹنگ میں کمی واقع ہوئی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے مارچ میں نوٹس کیا کہ ایک مخصوص ٹی وی چینل کی ریٹنگ غیر معمولی طریقےسے اوپرجارہی ہے، تحقیقات کے نتیجے میں پتہ چلا کہ ہمارے کچھ ملازمین ایک مخصوص چینل کے پے رول پرکام کررہے ہیں۔
ان ملازمین نے مخصوص گھروں کو پرائم ٹائم میں مخصوص ٹی وی چینل دیکھنے کے لئے پیسے دئیے جس کے سبب اس مخصوص میڈیا گروپ کے نیوز اورانٹرٹینمنٹ چینل کی ریٹنگ اوپرآئی جبکہ باقی کو نقصان پہنچا۔
میڈیا لاجک کے سی ای او کے مطابق ایک مخصوص چینل کی جانب سے پیسے کے زور پر کروائی جانے والی ٹمپرنگ کے نتیجے میں دیگر میڈیا چینلز کو لگ بھگ 50 کروڑ روپے کا نقصان پہنچا۔
انہوں نے بتایا کہ یہ معاملہ وہ پاکستان براڈکاسٹنگ ایسوسی ایشن میں پہلے سے ہی موجود ہے اور انہوں نے ثبوت دیکھ کر ہمیں اس واقعے کی تفصیلات منظرعام پرلانے کا کہا۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ یہ تیسری بار ہے کہ یہی میڈیا گروپ ریٹنگ میں گڑبڑکراتے ہوئے پکڑا گیا ہے اس سے قبل بھی 2008 اور 2009 میں بھی مخصوص میڈیا گروپ انہی سرگرمیوں میں ملوث رہ چکا ہے۔
انہوں نے صحافیوں کو بتایا کہ میڈیا لاجک نے اپنے 3 ملازمین کے خلاف گلبرگ تھانے میں مقدمہ درج کرایا جاچکا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ معاملہ اب پی بی اے کے سپرد ہے اورہم اس مخصوص چینل کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کریں گے کیونکہ اس چینل کے عمل سے ہمارے تشخص کو نقصان پہنچا ہے اور ٹی وی چینلز کو بھی معاشی نقصان پہنچا ہے۔