اسلام آباد(16 فروری 2026): میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے معائنہ کی تفصیلی رپورٹ مکمل کر کے حکومت کو بھجوا دی۔
حکومت کی جانب سے تشکیل دیے گئے خصوصی میڈیکل بورڈ نے بانی پی ٹی آئی کے تفصیلی طبی معائنے کی رپورٹ مکمل کر کے وفاقی حکومت کو ارسال کر دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی صحت اور خاص طور پر ان کی آنکھ کی حالت میں مثبت تبدیلی دیکھی گئی ہے۔
میڈیکل بورڈ کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی دائیں آنکھ کی بینائی میں بہتری آئی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں تجویز دی گئی ہے کہ مستقل علاج کے ذریعے دائیں آنکھ کی حالت مزید بہتر ہو سکتی ہے۔
پانچ رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم نے گزشتہ روز اڈیالہ جیل میں ایک گھنٹے سے زائد وقت تک بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا۔ اس دوران جدید آلات کے ذریعے آنکھوں کے ٹیسٹ اور دیگر طبی معائنے کیے گئے۔
رپورٹ کے مطابق میڈیکل بورڈ مقررہ وقت پر جیل پہنچ گیا تھا، تاہم ڈھائی گھنٹے سے زائد انتظار کے باوجود پی ٹی آئی کا کوئی رہنما وہاں نہ پہنچ سکا۔ آخر کار میڈیکل بورڈ نے رہنماؤں کی عدم موجودگی میں ہی طبی معائنہ مکمل کیا۔
وفاقی حکومت بانی پی ٹی آئی کے طبی معائنے کی یہ مکمل رپورٹ سپریم کورٹ میں جاری کیس کی سماعت کے دوران پیش کرے گی تاکہ عدالت کو ان کی صحت کے حوالے سے آگاہ کیا جا سکے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


