اسلام آباد : وزیر اعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان سے ملاقات کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔
اس سلسلے میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے رابطہ کیا اور بتایا کہ وزیر اعظم اپنے وعدے کے مطابق امیر جماعت اسلامی سے ملاقات کرنا چاہتے ہیں۔
اس موقع پر رانا ثنااللہ نے لیاقت بلوچ سے پیٹرولیم لیوی پر بات چیت کی، لیاقت بلوچ نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کا خاتمہ عوام کے لیے حقیقی ریلیف ہوگا، وزیر اعظم کی درخواست پر لانگ مارچ میں وقفہ کیا گیا تھا۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم لیوی کیخلاف جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جلسوں اور عوامی دستخطی مہم جاری ہے، جب تک عوام کے لیے بڑا ریلیف پیکج حاصل نہ کرلیں جماعت اسلامی کی تحریک جاری رہے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور امیر جماعت اسلامی کی ملاقات سے قبل مذاکراتی کمیٹیوں کے اجلاس کا امکان ہے، کمیٹیوں کے اجلاس میں لیوی کے خاتمے کے لئے واضح ایجنڈے اور نکات پر بات ہوگی۔
مزید پڑھیں : وزیراعظم اور حافظ نعیم کی ملاقات، جماعت اسلامی نے تردید کردی
یاد رہے کہ 5 اکتوبر 2026 کو وفاقی حکومت نے پٹرولیم لیوی کے خاتمے سے متعلق معاملے پر جماعت اسلامی سے مزید مہلت مانگی تھی۔
اے آر وائی نیوز کو ذرائع سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے ملاقات کرکے مہلت طلب کی تھی، تاہم دوسری جانب جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری اطلاعات شکیل احمد ترابی نے وزیراعظم شہباز شریف اور امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کے درمیان ملاقات کی تردید کی تھی۔
FOLLOW US ON ARY TUBE
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی ملاقات ہوتی تو اسے خفیہ کیوں رکھا جاتا؟ جماعت اسلامی کُھلی کتاب ہے اور اس کی سرگرمیاں آئین و قانون کے دائرے میں رہ کر ہوتی ہیں۔


