بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر غور

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا کہ مقبوضہ کشمیر سے گرفتار قیدیوں کو بھارت کی جیلوں میں منتقل کیا گیا ہے، بھارتی جیلوں میں قیدیوں کے رکھنے کی جگہ ختم ہو چکی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی کمیٹی برائے انسانی حقوق کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر میں کرفیو و دیگر انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر غور کیا گیا۔

وزارت خارجہ کے حکام نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں پیلٹ گنز کا استعمال کر رہا ہے، مقبوضہ وادی میں تعلیمی ادارے مکمل طور پر بند ہیں۔

حکام وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں 7 ہزار افراد گرفتار کر چکی ہے، بھارتی جیلوں میں قیدیوں کے رکھنے کی جگہ ختم ہو چکی ہے۔ کشمیر سے گرفتار قیدیوں کو بھی بھارت کی دیگر جیلوں میں منتقل کیا گیا۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ کی قرارداد کے مطابق حل ہونا چاہیئے، امریکی سینیٹرز، کانگریس اور دیگر رہنما بھی بھارت کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ بھارت پر مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے آج تک اتنی تنقید نہیں ہوئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان نے جنرل اسمبلی کے دوران متعدد اہم ملاقاتیں کیں، وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کو بھی اپنے خدشات سے آگاہ کیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں