اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کی زیرصدارت پارٹی کی کورکمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی زیرصدارت بنی گالہ میں پارٹی کی کورکمیٹی کا اجلاس آج ہوگا۔
عمران خان کی زیرصدارت اجلاس میں جہانگیرترین کی نااہلی کے معاملے پرنظر ثانی اپیل کے حوالے سے مشاورت ہوگی اورجہانگیرترین کی نا اہلی کے بعد آئندہ کی صورتحال مرتب کی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روزسپریم کورٹ آف پاکستان نے عمران خان کو نا اہل قرار دینے کی استدعا مسترد کردی تھی جبکہ جہانگیر خان ترین کو نااہل قراردیا گیا تھا۔
نا اہلی کیس: عمران خان بری/ جہانگیر ترین نا اہل قرار
سپریم کورٹ نے مذکورہ کیس کا 80 صفحات پرمشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا تھا، جس میں کہا گیا تھا کہ جہانگیرترین کو دو نکات پر نااہل کیا گیا ہے، انہوں نےملک کی اعلیٰ ترین عدالت سے جھوٹ بولا۔
جہانگیرترین نےآف شورکمپنی اوراس کےاثاثے کو بھی چھپایا، انسائیڈرٹریڈنگ سے متعلق ایس ای سی پی تحقیقات کرچکا ہے، جہانگیرترین انسائیڈر ٹریڈنگ کرنے پر70.81ملین جرمانہ دے چکے ہیں۔
یاد رہے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر لندن فلیٹ‘ بنی گالہ اور جہانگیر ترین پر زرعی اراضی ظاہر نہ کرنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔