اسلام آباد : امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے سلسلے میں امریکی نائب صدر اور ایرانی وفد سے 46 سال بعد پہلی ملاقات ہوئی ہے جس کی تصدیق وائٹ ہاؤس نے کی۔
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق جے ڈی وینس اور دیگر امریکی حکام نے اسلام آباد میں ایرانی وفد کے ارکان سے ملاقات کی۔
اس حوالے سے وائٹ ہاؤس ترجمان نے بتایا کہ وینس کے ہمراہ اسٹیو وٹکوف اور جیرڈکشنر بھی مذاکرات میں شریک ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے سلسلے میں تاریخی براہِ راست مذاکرات پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں جاری ہیں۔
امریکی وفد کی قیادت نائب صدر جے ڈی وینس کر رہے ہیں، جنہوں نے جنگ بندی مذاکرات سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔
دوسری جانب ایرانی حکام جن میں پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی شامل ہیں، نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے الگ ملاقات کی۔
علاوہ ازیں امریکا میں لبنان اور اسرائیل کے سفیروں کے درمیان ٹیلیفون پر رابطہ ہوا ہے، جو دونوں ممالک کے درمیان براہِ راست رابطے کی پہلی رپورٹ شدہ مثال قرار دی جا رہی ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت سامنے آئی ہے جب آئندہ ہفتے امریکا میں مجوزہ جنگ بندی مذاکرات متوقع ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


