اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نیا پاکستان ہاؤسنگ اسکیم میں سمندر پار پاکستانیوں کی شرکت یقینی بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت نیا پاکستان ہاؤسنگ پروگرام پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں ہاؤسنگ اسکیم پر عمل درآمد سے متعلق قانونی اور انتظامی معاملات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ منصوبے میں سمندر پار پاکستانیوں کی شرکت یقینی بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی بھی ملکی ترقی میں بھرپور طریقے سے حصہ لے سکیں گے۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کا نیا پاکستان ہاؤسنگ منصوبہ سب سے اہم پروگرام ہے، اس منصوبے سے گھروں کی کمی کو پورا کرنے میں مدد ملے گی، منصوبے سے معاشی عمل تیز، ہنر مندوں اور نوجوانوں کو روزگار بھی ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: اسٹیٹ بینک پالیسی کے تحت کم لاگت گھروں کی تعمیر کے لیے قرضے دے گا: گورنر اسٹیٹ بینک
انھوں نے اجلاس میں کہا کہ ہاؤسنگ پروگرام کے تحت کم آمدن افراد اور غریب خاندانوں کا ذاتی رہایش کا خواب پورا ہوگا۔
اجلاس میں ہاؤسنگ منصوبے میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی دل چسپی پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
خیال رہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کے لیے خصوصی اسکیم ’پاکستان بناؤ سرٹیفکیٹس‘ کا بھی اجرا کیا جا چکا ہے، ان سرٹیفکیٹس کے ذریعے بیرون ملک مقیم پاکستانی ملکی معیشت میں بہتری کے لیے سرمایہ کاری کر سکیں گے۔