اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے کرغزستان میں پاکستان کے سفیر اظہر طارق سمیت دیگر اہم شخصیات نے ملاقاتیں کیں اس دوران مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے کرغزستان میں پاکستان کے سفیر اظہر طارق نے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعظم کو وسط ایشیائی خطے خصوصاً کرغزستان سے اقتصادی تعلقات سے آگاہ کیا گیا۔
عمران خان نے کہا کرغزستان سے تجارت اور کاروبار کے فروغ کے لیے روابط کو مستحکم کیا جائے۔
علاوہ ازیں وزیر اعظم سے وزیر نیشنل فوڈ سیکورٹی اینڈ ریسرچ فخر امام نے بھی ملاقات کی اس دوران کپاس، گندم، چاول ، گنے اور مکئی کی فصلوں کی پیداوار پر وزیراعظم کو بریفنگ دی گئی۔
فخر امکام کا کہنا تھا کہ 30 ستمبر تک پاکستان نے کپاس میں 38.5 ملین گانٹھ کی پیداوار حاصل کی، گزشتہ سال اسی مدت کے دوران کپاس کی 27 ملین گانٹھ حاصل ہوئیں۔ عمران خان نے وزارت خوراک کی کارکردگی کو سراہا۔
ادھر وزیر اعظم سے چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے ملاقات کی۔ عمران خان کو واپڈا کے زیرنگرانی مختلف منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔ دیامر، بھاشا اور مہمندڈیمز کی پیشرفت سے بھی آگاہ کیا۔ عمران خان نے واپڈا کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا۔