اسلام آباد: مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری مونس الہیٰ کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ پہلی ملاقات اچھی رہی۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری مونس الہیٰ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ساتھ ملاقات میں کھل کر بات چیت ہوئی، وزیراعظم کے جو بھی خدشات تھے دور کر دیے، وزیراعظم کو پارٹی تحفظات سے متعلق آگاہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہیں، کوئی کام نہیں کر رہا تو بتایا جائے بھرپور ایکشن لیا جائے گا، پرویزالٰہی وزارت اعلیٰ کے امیدوار نہیں ہیں۔
مونس الہیٰ کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کے ساتھ کچھ لوگ ایسے ہیں جو چاہتے ہیں وہ فیل ہو جائیں، ہماری پارٹی کے کچھ سابقہ لوگ عمران خان کوگمراہ کر رہے تھے۔
مسلم لیگ ق کے رہنما نے کہا کہ معاملات ابھی سست روی کا شکار ہیں رکے نہیں ہیں، کوشش ہے اتحاد برقرار رہے اور حکومت مدت پوری کرے، چاہتے ہیں پنجاب میں ہماری 2 وزارتوں کو مضبوط کیا جائے، چاہتے ہیں جو بھی معاملات ہیں وہ افہام وتفہیم سےحل ہوں۔
انہوں نے کہا کہ ترقیاتی فنڈز سےمتعلق جو معاہدہ ہوا تھا اس پر عملدرآمد نہیں ہوا، سیاسی معاملات الگ ہیں، ن لیگ والوں سےملاقاتیں ہوتی رہتی ہیں۔