لندن : برطانوی شہزادی میگھن مارکل نے کیٹ میڈلٹن کو پیچھے چھوڑ دیا ، میگھن مارکل نے دنیا بھر میں سب سےزیادہ اثر انداز ہونے والی فیشن آئیکون کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گلوبل ریسرچ ٹرینڈ لسٹ نے ٹاپ فیشن آئی کون کی لسٹ جاری کردی ہے ، جس میں برطانوی شہزادی میگھن مارکل کو سال 2019 کی دنیا بھر میں سب سے زیادہ اثر انداز ہونے والی فیشن آئیکون قرار دیا گیا ہے، فہرست میں امریکی آسکرایوارڈیافتہ اداکارٹموتھی شالامیٹ اور کارڈی بی بھی شامل ہیں۔
میگزین نے دنیا بھر میں استعمال کی جانیوالی فیشن برانڈز اور جدید رجحانات پر مبنی اسٹائلز بھی شائع کئے، سروے مین ایک کروڑ 40 لاکھ افراد نے ویب سائٹ پر فیشن سے متعلق اپنی رائے دی، جس کو مد نظر رکھتے ہوئے نئی فہرست مرتب کی گئی۔
اس سے قبل ماضی میں برطانوی کیتھرائن کیٹ کو بھی فیشن آئیکون قرار دیا گیا تھا۔
خیال رہے ڈچز آف سسکس میگھن مارکل کے فیشن کے دنیا بھر میں چرچے ہیں ، ایک اندازے کے مطابق میگھن کی وارڈ روب میں 10 کروڑ روپے کے قریب ملبوسات جوتے اور ہینڈ بیگز موجود ہیں۔ انہیں 2018 کی بہترین ٹرینڈ سیٹر اور خوش لباس شخصیت بھی قرار دیا گیا تھا۔
واضح رہے گزشتہ مئی میں برطانوی شاہی خاندان کے چھوٹے شہزادے ہیری اور امریکی اداکارہ میگھن مرکل رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے تھے ، میگھن مارکل کا تعلق امریکا سے ہے اور وہ شادی کے بعد سے برطانیہ میں ہی مقیم ہیں۔