پشاور : بین الاقوامی سفر کے لیے گردن توڑ بخار ویکسین لازمی قرار دے دی گئی ، ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت خیبرپختونخوا نے بین الاقوامی مسافروں کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے گردن توڑ بخار (میننجائٹس) ویکسین لازمی قرار دے دی۔
ڈائریکٹوریٹ جنرل ہیلتھ سروسز نے صوبے کے تمام اضلاع کے ہیلتھ افسران کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ بین الاقوامی سفر کے لیے IHR-2005کے تحت مخصوص ممالک کے مسافروں کی ویکسینیشن لازمی ہوگی، اور ویکسین نہ لگوانے والے مسافروں کو بیرون ملک سفر کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مراسلے میں کہا گیا کہ ضلعی صحت افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ میننجائٹس ویکسین کی سہولیات یقینی بنائیں اور مسافروں کو دستی ویکسین سرٹیفکیٹ جاری کریں۔ سرٹیفکیٹ میں ویکسین کی کمپنی، بیچ نمبر اور ایکسپائری کی تاریخ درج کرنا لازمی ہوگا۔
ویکسین کا بندوبست مسافر کی ذاتی ذمہ داری ہوگی، جبکہ ای پی آئی پروگرام کے تحت نامزد مراکز پر ویکسین دستیاب ہوگی۔
محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ یہ اقدام بین الاقوامی سفر کے دوران بیماریوں کے پھیلاؤ کو روکنے اور مسافروں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے۔
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں


