کراچی : شہرقائد میں جھلسا دینے والی گرمی نے روزے داروں کو نڈھال کردیا، پارہ42 ڈگری سینٹی گریڈتک جا پہنچا، محکمہ موسمیات نے پارہ 44 ڈگری تک جانے کی پیش گوئی کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پارہ 40 سے تجاوز کرگیا، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی کا درجہ حرارت42 ڈگری سینٹی گریڈہوگیا، سمندری ہوائیں بند ہونے سے گرمی زیادہ محسوس کی جارہی ہے، کراچی میں پارہ44 ڈگری تک جانے کا خدشہ ہے۔
شدید گرمی کے سبب ہیٹ ویوکا خطرہ بھی بدستوربرقرار ہے، جس کےپیش نظرمختلف مقامات پرہیٹ اسٹروک سینٹرقائم کر دیئے گئے ہیں ۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ کراچی میں آج بھی شدیدگرمی پڑے گی، ہوامیں نمی نہ ہونے کے باعث گرمی اصل درجہ حرارت سے زیادہ محسوس کی جائے گی، سمندری ہوا کی بندش آج بھی کھلنے کا کوئی امکان نہیں۔
شدید گرمی کی لہر جمعرات تک جاری رہنے کا خدشہ ہے۔
نوابشاہ سکھر اور حیدر آباد سمیت کئی شہروں میں پارہ چالیس سے اوپر چلا گیا، جس کے باعث شہری گرمی سے بلبلا اٹھے۔
ڈائریکٹر میٹ عبدالرشید کا کہنا ہے کہ کراچی میں شمال مغرب کی جانب سے ہواچل رہی ہے، شمال مغرب سے چلنے والی والی گرم اور خشک ہوا کے نتیجے میں23 مئی تک سورج قہر ڈھائے گا، جس کے بعد بتدریج موسم بہتر ہونا شروع ہو جائے گا۔
دوسری جانب شہر میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ نے بھی شہریوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے، ایک طرف سورج آگ برسا رہے ہے تو دوسری طرف بجلی کی 12، 12 گھنٹے لوڈ شیڈنگ نے شہروں کو دہرے عذاب میں مبتلا کر رکھا ہے۔