اسلام آباد: صدر اور وزیراعظم سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں کی جانب سے مزدوروں کے عالمی دن پر پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے یوم مزدور کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی میں ورکرز کا کردار بہت اہم ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت محنت کشوں کی زندگی کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مزدوروں کی تاریخی،بہادرانہ جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مزدور طبقے کے ریلیف کے لیے احساس ایمرجنسی کیش ریلیف پروگرام کا آغاز کر دیاگیا،حکومت محنت کشوں کے حقوق کا موثر انداز میں تحفظ کرےگی۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے یوم مزدو کے حوالے سے اپنے پیغام میں کہا کہ محنت کش کسی بھی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں،مزدور اور محنت کش ہی دنیا کو سنوارنے کی بنیاد بنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کرونا سے لڑتے ہوئے مزدور، محنت کش ہماری خصوصی توجہ کے مستحق ہیں، ہر خاندان،محلہ،علاقہ اپنے قریب مزدور، محنت کش اور مستحق افراد کی مدد کریں۔
وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے یوم مزدور پر اپنے پیغام میں کہا کہ ریلوے سے کسی مزدور کو بےروزگار نہیں کیا جائےگا،ایم ایل ون سے ایک لاکھ نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس نے مزدوروں کا امتحان لیا ہے، کرونا سے نجات کے لیے اللہ سے مدد مانگنی ہوگی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ سندھ حکومت نے لاک ڈاؤن میں کسی ملازم کو نکالنے پر پابندی لگائی،سندھ میں لاکھوں بے روزگار مزدوروں اور اہل خانہ کو دہلیز پر راشن فراہم کیا گیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ایسی معیشت کی تشکیل دیں گے جہاں مزدوروں کا استحصال نہ ہو،پیپلز پارٹی نے ملک میں پہلی لیبر پالیسی کا اجرا،ان کی محنت کی قدر کو تسلیم کیا۔
واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم مزدور منایا جا رہا ہے جس کا مقصد مزدوروں کے ان رہنماؤں کو خراج عقیدت پیش کرنا ہے جنہوں نے مزدروں کے حقوق کے لیے قربانیاں دیں۔