پیر, مارچ 24, 2025
اشتہار

کراچی میں ہیٹ ویو الرٹ جاری ، درجہ حرارت40ڈگری سے تجاوز کرسکتا ہے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آج سے 5 اپریل تک کراچی سمیت سندھ بھر میں شدید گرمی پڑے گی ، درجہ حرارت40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہیٹ ویوالرٹ جاری کردیا ، جس میں کہا ہے کہ آج سے5اپریل تک کراچی سمیت سندھ بھرمیں شدیدگرمی ہوگی ، شہر میں سمندری ہوائیں بند ہیں اور شمال مغرب کی گرم اورخشک ہوائیں چل رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ہیٹ ویوکی وجہ سے ہفتہ تک درجہ حرارت میں 4 سے 6 ڈگری اضافہ متوقع ہے ، مارچ میں اوسطاًدرجہ حرارت32.5ڈگری ریکارڈ کیاجاتاہے تاہم رواں سال درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرسکتا ہے۔

ڈائریکٹرجنرل محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں گرم اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیراختیار کریں اور دوپہر12سےشام4بجےتک دھوپ میں نہ نکلیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ ملک میں بیشتر میدانی علاقے شدید گرمی کی لہر کے زیر اثر رہیں گے اور آج سے ہفتے کے دن تک سندھ کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی جبکہ سندھ اور بلوچستان میں گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب ملک بھر میں آج موسم عمومی طور پر خشک اور گرم رہے گا ، حیدر آباد، ملتان سبی اور دیگر شہروں میں موسم سخت گرم جبکہ لاہور اسلام آباد،پشاور اور کوئٹہ میں بھی موسم گرم رہے گا، گرمی کی لہر ایک ہفتے جاری رہنے کا امکان ہے۔

خیال رہے صوبہ سندھ میں ہیٹ ویو کے خدشے کے پیش نظر ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے سندھ بھر کے ڈپٹی کمشنرز اور چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر منیجمنٹ کو مراسلہ جاری کر دیا ہے۔

مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ملک کے دیگر حصوں کی طرح سندھ میں بھی ہیٹ ویو کی پیش گوئی کر دی ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق ہیٹ ویو کے خدشات منگل سے ہفتے تک رہیں گے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں