کراچی : محکمہ موسمیات نے کراچی میں سردی کی شدید لہر کی پیشگوئی کرتے ہوئے کہا تیز ہوائیں چلنے کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کراچی میں کل سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے ، جس کے باعث
سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں تیز ہواؤں کے سبب درجہ حرارت میں مزید کمی واقع ہوگی۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج دن میں موسم خشک اور رات میں سرد رہے گا، دن میں درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈتک رہنے کا امکان ہے اور ہوا 25 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتارسے چلے گی۔
دوسری جانب بالائی علاقوں میں بھی شدید سردی کی لہرجاری ہے۔۔ کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن میں آج بھی برفباری کا امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں گیارہ سے تیرہ جنوری تک شدید برفباری متوقع ہے جبکہ وادی نیلم، باغ، راولا کوٹ اور حویلی کے علاقوں میں سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب، خیبر پختونخوا کے میدانی اور سندھ کے بالائی علاقوں میں صبح شدید دھند کی توقع ہے۔