کراچی : محکمہ موسمیات نے خبر دار کیا ہے کہ طاقتور مون سون سسٹم کے کل سے سندھ میں داخل ہونے کے امکانات ہیں ، جس کے باعث کل سے 2 اکتوبر تک شہر میں تیز اور موسلادھار بارش متوقع ہے۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے کراچی میں کل سے 2 اکتوبر تک تیز اور موسلادھار بارش کے امکانات ظاہر کرتے ہوئے کہا طاقتور مون سون سسٹم کل سندھ میں داخل ہوگا۔
اس سسٹم کے تحت کراچی، حیدرآباد، میرپور خاص، تھرپارکر، عمر کوٹ، ٹھٹھہ اور بدین میں تیز موسلادھار بارش متوقع ہے ، بارشوں کا 28 ستمبر سے شروع ہونے والا سلسلہ 2 اکتوبر تک جاری رہنے کے امکانات ہے۔
دوسری جانب کراچی میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری سیںٹی گریڈ ہے اور ہوا میں نمی کا تناسب 82 فیصد ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی میں ہونے والی بارش کےاعداد وشمار جاری کردیے ہیں ، جس کے مطابق جناح ٹرمینل پراعشاریہ 8 ملی میٹر ، فیز 2 میں 2 اعشاریہ 8 ملی میٹر ، قائدآباد میں6 ،کیماڑی میں 1.5،یونیورسٹی روڈ پر اعشاریہ 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔