میکسیکو میں سوشل میڈیا انفلوئنسر کو لائیو اسٹریمنگ کے دوران فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔
غیرملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق سیزر گاستیلم کے ٹک ٹاک پر 5 لاکھ سے زائد فالوورز تھے اور وہ زیادہ تر مزاحیہ ویڈیوز، روزمرہ زندگی کے دلچسپ لمحات اور تفریحی مواد شیئر کرتے تھے۔
انسٹاگرام پر بھی وہ سفر، مہنگی گاڑیوں اور اپنی نجی زندگی سے متعلق تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرتے رہتے تھے۔
سیزر گاستیلم شمالی ریاست سینالوا کے دارالحکومت کولیاکان کے علاقے ٹریس ریوس میں فاسٹ فوڈ ریسٹورنٹ کے باہر اپنے دوستوں کے ساتھ ٹک ٹاک پر لائیو ویڈیو بنا رہے تھے۔
اسی دوران موٹر سائیکل پر سوار دو مسلح افراد وہاں پہنچے جن میں سے ایک حملہ آور نے قریب سے سیزر گاستیلم پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ دونوں حملہ آور فرار ہوگئے۔
حملے کے وقت سیزر اور ان کے دوست نارنجی رنگ کی وہ جیکٹس اور بیگ پہنے ہوئے تھے جو عام طور پر فوڈ ڈیلیوری رائیڈرز استعمال کرتے ہیں۔
ابتدا میں پولیس نے مقتول کو ڈیلیوری ورکر سمجھا تاہم بعد میں ان کی اصل شناخت سامنے آئی۔
پولیس اور فرانزک ماہرین نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لے کر گولیوں کے خول، قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج اور دیگر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں۔


