جمعہ, جولائی 10, 2026
اشتہار

میکسیکو: پکوان اور انوکھا طرزِ رہائش

اشتہار

حیرت انگیز

چند روز لندن میں قیام کے بعد میں براستہ نیویارک میکسیکو سٹی پہنچا۔ ایئر پورٹ پر فرانسسکو اور میکسیکو کی وزارت خارجہ کے پروٹوکال آفیسر نے استقبال کیا۔ فرانسسکو نے اپنی رہائش گاہ کے قریب میرے لیے اپارٹمنٹ کرایہ پر لے رکھا تھا۔ مجھے اس میں ٹھہرایا گیا۔ دو ایک روز تو رات کا کھانا میں فرانسسکو کے گھر ہی کھاتا رہا۔ بعد ازاں میں نے اپنا انتظام کر لیا بلکہ ناشتہ اور رات کا کھانا خود بنا لیتا تھا۔

پہلی چیز جس نے مجھے اپنی طرف متوجہ کیا، وہ میکسیکو میں آم کھانے کا طریقہ تھا۔ پاکستان کی طرح میکسیکو میں بھی آم پیدا ہوتے ہیں اور کھائے جاتے ہیں مگر ان کا ذائقہ ہمارے آموں کی طرح عمدہ نہیں ہوتا۔ البتہ آم کھانے کا طریقہ وہاں کی اپنی اختراع ہے۔ امراء کے طبقہ میں اس مقصد کے لیے علیحدہ قسم کی چھری، کرچ یا تلوار نما کانٹا اور چھوٹا سا چمچہ استعمال کیا جاتا ہے۔ نوکیلی کرچ نما چاندی کی تلوار پلیٹ پر رکھے آم کی گٹھلی میں اس طرح گھونپ دی جاتی ہے جیسے بل فائٹرکی تلوار بیل کے سر میں گھونپی جاتی ہے۔ پھر الٹے ہاتھ سے آم کو سیدھا تھام کر چاندی کی چھری سے آم کی قاشیں کاٹ لی جاتی ہیں۔ بعد میں چاندی کے چمچے کے ساتھ آم کا گودا چھلکے سے نکال کر کھایا جاتا ہے اور آخر میں تلوار میں پھنسی گٹھلی کو منہ کے قریب لے جا کر اس کا گودا بھی دونوں طرف سے نوش کر لیا جاتا ہے۔ یوں نہ تو ہاتھ آم کے رس سے لت پت ہوتے ہیں اور نہ منہ۔

میکسیکن لوگ چاول، سالن اور روٹی بھی ہماری طرح ہی پکاتے ہیں۔ گو ان کے سالن مصالحہ نہ ہونے کے سبب ہمارے سالن کی طرح مزیدار نہیں ہوتے۔ البتہ مرچ زیادہ استعمال کرتے ہیں۔ مکئی کی روٹی پھلکے کی طرح بنائی جاتی ہے۔ اسے تورتیہ کہتے ہیں اور بڑے شوق سے عوام و خواص کھاتے ہیں۔ کھانے کی اشیاء انہوں نے شاید اپنے ریڈ انڈین یا ایزٹک پیشروؤں سے میراث میں حاصل کی ہیں۔ مثلا مکڑی یا تتلیوں کو فرائی کرکے کھایا جاتا ہے۔ قبروں کے خشک کیے ہوئے کالے کوڑے مکھن میں فرائی کر کے توس پر رکھ کر اس طرح کھاتے ہیں جیسے روسی لوگ کیوی یار ( مچھلی کے انڈے ) کھاتے ہیں۔ اکثر ریستورانوں میں اگر چپس جیسی ڈش آپ کے سامنے رکھی جائے تو ضروری نہیں کہ وہ آلو، چاول یا مچھلی کے چپس ہوں بلکہ سور کی چربی سے بنے چپس ہوں گے۔ ایک چھوٹی سی مچھلی جو بحرالکاہل کے ساحلوں پر پکڑی جاتی ہے، ناشتہ پر اس کے اپنے ہی تیل میں تل کر کھائی جاتی ہے لیکن اس کا سب سے پسندیدہ حصہ اس کی آنکھیں سمجھی جاتی ہیں جن کے کھانے سے بقول ان کے عقل میں اضافہ ہوتا ہے۔

میکسیکو میں امراء کی مینشنز یا رہائش گاہیں بھی نہایت عالیشان اور فن تعمیر کے اعتبار سے
نہایت عجیب و غریب ڈیزائنوں کی ہیں۔ مثلاً ہسپانوی طرز کی عمارت سازی یا مورش محرابوں کے ساتھ بھی گھروں میں نئے ڈیزائن کے صوفے، کرسیوں اور قالینوں کے علاوہ ڈرائنگ روم میں مخصوص قسم کے پودے، یہاں تک کہ درخت بھی لگا دیے گئے ہیں یا انواع و اقسام کے پرندوں اور رنگ برنگے طویل قامت اور قوی ہیکل طوطوں کے بڑے بڑے پنجرے نصب کیے گئے ہیں۔ گمان یوں ہوتا ہے گویا آپ کو کسی گھنے جنگل میں درختوں اور چہچہاتے پرندوں کے درمیان قالین بچھا کر صوفہ پر میز سامنے رکھ کر بٹھا دیا گیا ہے۔

میکسیکو شہر ایک مردہ آتش فشاں پہاڑ کے منہ میں قائم ہے اور کہتے ہیں کہ ہر صدی ایک یا دو فٹ نیچے زمین میں دھنستا چلا جا رہا ہے۔ شہر ہسپانوی یورپی طرز کا ہے اور یہ ملک امریکہ سے بالکل مختلف ہے۔ یہاں غربت کی انتہا ہے مگر عام لوگ بڑے ملنسار، خوش اخلاق اور مخلص ہیں۔ میکسیکن قوم دراصل ہسپانوی اور ریڈ انڈین اقوام کے امتزاج سے وجود میں آئی ہے۔ یہاں کی ہسپانوی زبان میں کئی الفاظ اور تراکیب ریڈ انڈین ہیں۔ اس لیے اسے میکسیکن کہا جاتا ہے۔ ان کے پرانے مذہب کے عجیب و غریب مندر اب بھی موجود ہیں جہاں سیکڑوں سیڑھیاں چڑھ کر قربان گاہ پر انسانی قربانی دی جاتی تھی۔ ملک ایزٹک ایمپائر کا حصہ تھا۔ آخری ایزٹک بادشاہ کے پیروں میں آگ جلا کر ہسپانویوں نے اسے مار ڈالا تھا۔ اب لوگوں کا مذہب کیتھولک ہے جو ہسپانوی ایمپائر کے زمانہ میں ان پر زبردستی ٹھونسا گیا۔ طویل مدت تک میکسیکو ہسپانیہ کی نو آبادیات میں شامل رہا۔ کچھ عرصہ تک یہاں یورپی بادشاہت بھی قائم ہوئی۔ اس سلسلہ میں شاہ میکسملین کا نام مشہور ہے۔ جسے پہلے انڈین میکسیکن صدر واریز نے ملک بدر کیا تھا۔ میکسیکو کی آزادی کی جنگ میں زیپاٹا سمیت بہت سی اہم شخصیات کے نام شامل ہیں۔ اگر شہر کی معروف آرٹ گیلری میں ڈی ولیرا کی تصاویر کی نمائش دیکھیں تو اندازہ ہو جائے گا کہ یہاں امریکیوں نے کس کس نوع کے ظلم ڈھائے اور انہیں کس قدر نفرت اور حقارت کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

(جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی خود نوشت سوانح حیات "اپنا گریباں‌ چاک” سے ایک پارہ)

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں