لاہور: پاکستان سے برطانیہ منی لانڈرنگ کے الزام میں نیب نے معروف صنعت کارمیاں منشاء کو تفتیش کے لیے بیٹوں سمیت آج طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق نیب نے باپ بیٹوں کو ہدایت کی ہے کہ لندن میں سینٹ جیمزہوٹل خریدنے کی مکمل منی ٹریل ساتھ لائیں۔
لندن میں سینٹ جیمزہوٹل کیسے خریدا؟ منی ٹریل کہاں ہے؟ نیب لاہور نے صنعت کارمیاں منشاء اور ان کے بیٹوں میاں حسن منشاء اور میاں عمرمنشاء کو تفتیش کے لیے آج طلب کیا ہے۔
نیب کے مطابق میاں منشاء نے لاکھوں پاونڈ سے برطانیہ میں سینٹ جیمز ہوٹل اینڈ کلب خریدا، ان پر یہ رقم غیر قانونی طور پر پاکستان سے برطانیہ منقتل کرنے کا الزام ہے۔
نیب نے باپ بیٹوں کو ہدایت کی ہے کہ سینٹ جیمزہوٹل اینڈ کلب خریدنے کی مکمل منی ٹریل ساتھ لائیں، اور مالکانہ دستاویزات بھی ساتھ لائیں۔
ذرائع کے مطابق ملزمان کو طلبی کے نوٹس اٹھائیس مین گلبرگ لاہور کے پتہ پر پہنچائے گئے جو میاں منشاء کے ملازمین نے وصول کیے۔
لاہورہائی کورٹ نے بھی میاں منشا کو شامل تفتیش ہونے کا حکم دے رکھا ہے۔ اس سے پہلے نیب نے میاں منشاء اوران کےبیٹوں کو پہلے بھی دو مرتبہ طلب کیا لیکن وہ ایک بار بھی پیش نہیں ہوئے۔