لاس اینجلس(14 جولائی 2026): کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی بائیوپک فلم ’مائیکل‘ نے عالمی باکس آفس پر شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے ایک ارب ڈالرز سے زائد کی کمائی کا تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا ہے۔
کنگ آف پاپ مائیکل جیکسن کی زندگی پر مبنی بائیوپک فلم ’مائیکل‘ نے ریلیز کے صرف 12 ہفتوں میں فلم نے دنیا بھر میں 1.001 ارب ڈالرز کا ریکارڈ بزنس کرکے بائیوپک فلموں کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
باکس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق فلم کی مجموعی آمدنی میں سے 629.8 ملین ڈالرز بین الاقوامی مارکیٹ سے حاصل ہوئے، جبکہ 371.8 ملین ڈالرز شمالی امریکا سے ملے۔
اس غیر معمولی کامیابی کے ساتھ ہی ’مائیکل‘ عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالرز کا ہندسہ عبور کرنے والی دنیا کی پہلی بائیوگرافیکل فلم بن گئی ہے۔اپریل 2026 میں ریلیز ہونے والی اس فلم نے اپنی ریلیز کے آغاز ہی سے کئی بڑے ریکارڈز توڑنا شروع کر دیے تھے۔
افتتاحی ہفتے کے اختتام تک اس فلم نے صرف امریکا میں 97 ملین ڈالرز جبکہ عالمی سطح پر 217 ملین ڈالرز کا شاندار بزنس کیا تھا، جسے میوزیکل بائیوپک کیٹیگری میں اب تک کا سب سے بڑا اوپننگ ریکارڈ تسلیم کیا گیا ہے۔
اس تاریخی کامیابی کے ساتھ ہی ’مائیکل‘ نے کسی بھی حقیقی شخصیت کی زندگی پر مبنی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا ہے اور اس دوڑ میں ہالی ووڈ کی مشہور فلم ‘اوپن ہائیمر’ کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
مزید برآں، یہ لائنس گیٹ اسٹوڈیو کی تاریخ میں بھی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے اور اس اسٹوڈیو کی پہلی پروڈکشن ہے جس نے عالمی باکس آفس پر ایک ارب ڈالرز کی حد عبور کی ہو۔
فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں مائیکل جیکسن کا مرکزی کردار ان کے اپنے حقیقی بھتیجے نے ادا کیا ہے۔ فلم کی کہانی میں مائیکل جیکسن کے بچپن، ان کے فنی سفر کی شروعات، زندگی میں آنے والی مشکلات اور پھر ’کنگ آف پاپ‘ بننے تک کے تمام اہم مراحل کو بہترین انداز میں پردۂ اسکرین پر پیش کیا گیا ہے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق، اس بے مثال اور تاریخی کامیابی کے بعد اب لائنس گیٹ اسٹوڈیو مائیکل جیکسن کی زندگی کے دیگر پہلوؤں پر مبنی ایک اور فلم بنانے کے امکانات پر بھی سنجیدگی سے غور کر رہا ہے۔


