ہفتہ, مارچ 15, 2025
اشتہار

فاسٹ اینڈ فیورس: اداکاراؤں سے امتیازی سلوک پر اداکارہ کی دھمکی

اشتہار

حیرت انگیز

فاسٹ اینڈ فیورس فلم سیریز دنیا بھر میں یکساں طور پر مقبول فلم سیریز ہے جس کے مرکزی کردار پال واکر کی موت کے باوجود اس کی مقبولیت میں کمی نہیں آئی، تاہم فلم کی پروڈکشن کو ایک نئے مسئلے کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فلم میں لیٹی کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ مشل روڈرگز نے دھمکی دی ہے کہ اگر اگلی فلم میں اداکاراؤں کے کردار میں اضافہ نہ کیا گیا تو وہ یہ فلم سیریز چھوڑ دیں گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ انسٹا گرم پر مشل نے فلم کے دیگر کرداروں کے ساتھ اپنی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا، ’امید ہے کہ سیریز کی اگلی فلم میں خواتین کو اہمیت دی جائے گی، ورنہ میں اس سیریز کو خیر باد کہہ دوں گی‘۔

مشل روڈرگز نے پہلی بار اس شکایت کا اظہار چند روز پہلے دیے جانے والے ایک انٹرویو میں کیا جس میں انہوں نے کہا، ’میں اور جورڈانا گزشتہ 16 سال سے اس فلم میں کام کر رہے ہیں۔ لیکن ان 16 سالوں میں سیریز میں، میں اپنے اور جور ڈانا کے بولے جانے والے ڈائیلاگز کو ایک ہاتھ کی انگلیوں پر گن سکتی ہوں‘۔

جورڈانا پاناما سے تعلق رکھنے والی اداکارہ ہیں جو فاسٹ اینڈ فیورس میں برائن (پال واکر) کی بیوی اور ڈوم ٹوریٹو (ون ڈیزل ) کی بہن کا کردار ادا کر رہی تھیں۔

اپنے اس انٹرویو میں مشل کا کہنا تھا کہ صرف ایک فاسٹ اینڈ فیورس ہی نہیں، ہالی ووڈ کی اکثر ایکشن فلمیں مرد کرداروں کے گرد گھومتی ہیں اور ان میں اداکاراؤں کو صرف خانہ پری کے لیے رکھا جاتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ لاکھوں لوگوں کے سامنے اپنے آپ کو اس طرح پیش کیے جانے کو نہایت برا خیال کرتی ہیں، اور اگر یہی صورتحال جاری رہی تو وہ فلم سیریز چھوڑنے پر مجبور ہوجائیں گی۔

یاد رہے کہ گزشتہ 16 سال میں فرنچائز کی پہلی فلم سے لے کر اب تک کئی خواتین کرداروں کا اضافہ کیا گیا جن میں گال گیڈٹ، چارلیز تھیرون، اور ہیلن میرن شامل ہیں تاہم ان کا یہ کردار نہایت مختصر ہوتا ہے اور فلم بنیادی طور پر مرد کرداروں کے گرد ہی گھومتی ہے۔

تاحال فلم کی پروڈکشن کمپنی کی جانب سے مشل کی دھمکی یا انٹرویو پر کوئی رد عمل ظاہر نہیں کیا گیا تاہم اگر مشل اپنی دھمکی پر عمل کر ڈالتی ہیں، تو پال واکر کی موت کے بعد یہ فاسٹ اینڈ فیورس فلم فرنچائز کے لیے ایک اور بڑا نقصان ہوگا۔


اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں