فرزانہ نور
سردیوں کی آمد اپنے ساتھ جہاں موسم کی خنکی، گرم چائے کی مہک، دھوپ کی نرم تمازت اور لحاف کی آغوش لے کر آتی ہے، وہیں متوسط طبقے کے والدین کے لیے کچھ ایسی آزمائشیں بھی شروع ہو جاتی ہیں جن کا تعلق موسم کی دلکشی سے کم اور گھریلو بجٹ سے زیادہ ہوتا ہے۔
ان آزمائشوں میں ایک بڑا مسئلہ بچّوں کے لیے گرم کپڑوں کی خریداری کا ہوتا ہے۔ والدین کو پہلے تو اسکول یونیفارم کے ساتھ سوئیٹر لینے کی فکر ہوتی ہے۔ سوئیٹر کے علاوہ بعض بچّے کوٹ بھی پہنتے ہیں اور اب تو ہوڈیز کا چلن بھی عام ہو چکا ہے۔ پانچ سے آٹھ برس کی عمر تک بچوں کی جسمانی بڑھوتری نسبتاً آہستہ ہوتی ہے، سو والدین کو قدرے آسانی رہتی ہے۔ اکثر گزشتہ برس کا سوئیٹر یا کوٹ نکال کر دھوپ لگا لی جاتی ہے اور دھونے کی ضرورت ہو تو دھو کر نئے سال کے موسمِ سرما کے لیے تیار کر لیتے ہیں۔ یوں گھر کے بجٹ پر اس کا بوجھ نہیں پڑتا اور والدین قدرے مطمئن رہتے ہیں۔
لیکن اصل امتحان تب شروع ہوتا ہے جب بچے نو برس کی عمر کو پہنچتے ہیں۔ اس عمر کے بعد جسمانی نشوونما کی رفتار میں نمایاں تبدیلی آنے لگتی ہے اور ہر گزرتے سال کے ساتھ قد، جسامت اور لباس کے ناپ میں فرق محسوس ہونے لگتا ہے۔ گزشتہ برس کا سوئیٹر اب چھوٹا پڑنے لگتا ہے، کوٹ کی آستینیں مختصر ہو جاتی ہیں اور نئے گرم کپڑوں کی خریداری ناگزیر ہو جاتی ہے۔ یوں ہر سال سردیوں میں یونیفارم کے ساتھ گرم لباس کے لیے رقم خرچ کرنا پڑتی ہے اور یہ بجٹ کا مستقل حصہ بن جاتا ہے۔
ابھی یہ خرچ سنبھالا بھی نہیں جاتا کہ بعض اسکولوں میں سردیوں کی چھٹیوں سے پہلے فیس جمع کروانے کا تقاضا کیا جانے لگتا ہے۔ اگرچہ ہر اسکول میں ایسا نہیں ہوتا، مگر جن کو فیس دینا پڑتی ہے، وہ بہرحال مالی دباؤ کا شکار ہوتے ہیں۔ سال کا آخری حصّہ پہلے ہی کئی اخراجات سمیٹے ہوئے ہوتا ہے؛ ایک طرف بچوں کی تعلیمی ضروریات، دوسری طرف گھر کے اخراجات، اور پھر اسی موسم میں خاندان اور عزیز و اقارب کی شادیوں کا سلسلہ۔
ہمارے معاشرے میں سردیوں ہی میں شادی کرنے کی ضد بھی کسی الگ المیے سے کم نہیں۔ یوں محسوس ہوتا ہے جیسے خوشیوں کے اظہار کے لیے موسم کا انتخاب بھی ایک سماجی روایت بن چکا ہے، جس کے سامنے بہت سے لوگ اپنی مالی گنجائش کو نظر انداز کرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں۔ شادی میں شرکت محض حاضری دینے کا نام نہیں۔ یہ شرکت محدود آمدنی اور تنگی سے گزر بسر کرنے والے خاندانوں پر لباس، جوتے، تحائف، سفری اخراجات اور دیگر لوازمات کی وجہ سے بوجھ بن جاتی ہے۔ اگر خاندان میں شادیوں کی تعداد زیادہ ہو تو ہر تقریب کے ساتھ بجٹ کا ایک اور گوشوارہ کھل جاتا ہے۔
نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ جس موسم کو ہم گرم چائے، دھوپ، رضائیوں اور پُرسکون شاموں سے جوڑتے ہیں، وہی متوسط طبقے کے والدین کے لیے جمع تفریق، ضروریات کی تکمیل کے لیے جتن کرنے اور مجبوریوں کا موسم بن جاتا ہے۔ وہ بچوں کو سردی سے بچانے، ان کی تعلیم کے تقاضے پورے کرنے اور رشتوں کی سماجی ذمہ داریاں نبھانے میں ایسے پھنستے ہیں کہ موسم کی خوب صورتی محسوس کرنے کی مہلت ہی نہیں ملتی۔ سردی تو ہر سال آتی ہے، مگر متوسط طبقے کے گھر میں اس کی آمد صرف موسم نہیں بدلتی، بجٹ کے کئی صفحے بھی الٹ دیتی ہے۔
شاید زندگی کی ایک تلخ حقیقت یہ بھی ہے کہ موسموں سے لطف اندوز ہونے کے لیے بھی ہمیں مالی آسودگی درکار ہے، اور جب جیب پر ضرورتوں کا بوجھ بڑھ جائے تو سردیوں کی دھوپ بھی کبھی کبھی سکون دینے کے بجائے حساب کتاب یاد دلانے لگتی ہے۔
موسموں کی تبدیلی نہ تو کوئی انوکھی بات ہے اور نہ ہی یہ کوئی مسئلہ ہے مگر یہ سب اس وقت تکلیف دہ ہوجاتا ہے جب متوسط طبقے کے والدین موسم، تقریبات یا تہواروں کی مناسبت سے اپنے بچوں کی خوشی کے لیے جیب پر بوجھ محسوس کرنے لگتے ہیں۔ اسکول کی فیس، نیا یونیفارم اور شادی بیاہ کی رسموں کے درمیان وہ اتنے الجھ جاتے ہیں کہ موسم کی خنکی محسوس کرنے کے بجائے اخراجات کی تپش سہنا پڑتی ہے۔ خوش حال طبقے کے لیے سردیاں کچھ اور معنیٰ رکھتی ہیں، مگر متوسط طبقے کے لیے یہ اپنی مالی بے بسی کو قسطوں میں ادا کرنے کا موسم ہے۔
اور ستم ظریفی دیکھیے کہ اپنے بچّوں کو موسم کی شدت سے بچانے اور سردی میں ان کے لیے گرم پوشاک خریدنے کی فکر میں والدین کی زندگی سے سکون کی حرارت رخصت ہو جاتی ہے۔


