لندن (02 مارچ 2026): برطانیہ مشرقِ وسطیٰ سے اپنے شہریوں کے انخلا کی تیاری کر رہا ہے۔
الجزیرہ کے مطابق برطانیہ اپنے شہریوں کو مشرقِ وسطیٰ سے نکالنے میں مدد کے لیے سپورٹ سسٹم قائم کر رہا ہے، جب کہ اندازاً تین لاکھ افراد نے اس خطے میں اپنی موجودگی رجسٹر کروا رکھی ہے۔
برطانوی وزیرِ خارجہ یوویٹ کوپر نے اسکائی نیوز کو بتایا ’’ہم مختلف آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں اور خاص طور پر ٹریول انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، اور اگر ضرورت پڑی تو حکومتی انخلا کا بھی انتظام کیا جائے گا۔‘‘
انھوں نے کہا کہ برطانوی حکومت چاہتی ہے کہ فضائی حدود دوبارہ کھولی جائیں، وہ ریپڈ ٹیمیں خطے میں بھیج رہی ہے تاکہ ٹریول انڈسٹری کے ساتھ مل کر کام کیا جا سکے۔
برطانیہ نے امریکا کو ایران کیخلاف اپنے فوجی اڈے استعمال کرنے کی اجازت دے دی
واضح رہے کہ ایران پر اسرائیلی اور امریکی حملوں میں شہادتیں پانچ سو سے تجاوز کر گئی ہیں، الجزیرہ نے ایرانی ہلال احمر کے حوالے سے بتایا ایران بھر میں اب تک حملوں میں 555 افراد شہید ہوئے، جب کہ 750 سے زائد زخمی ہیں۔
اسرائیل ایران جنگ سے متعلق تمام خبریں یہاں پڑھیں
ہلال احمر کا کہنا ہے کہ حملوں میں ایران کے 131 شہر متاثر ہوئے, صوبہ یزد پر حملوں میں 27 جب کہ صوبہ فارس پر بھی میزائل حملوں میں 35 افراد شہید ہوئے۔ امریکی اور اسرائیلی فورسز نے ایران کے وسطی شہر سنندج پر 6 میزائل فائر کیے، جس میں 2 شہری شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔
ایرانی میڈیا کا کہنا ہے حملے میں گنجان آباد علاقے کو نشانہ بنایا گیا، کئی رہائشی عمارتیں اور پولیس اسٹیشن ملبے کا ڈھیر بن گئے۔ چین کی وزارتِ خارجہ کی ترجمان کا کہنا ہے کہ تہران پر حملے میں ایک چینی باشندہ ہلاک ہوا۔ دریں اثنا، اسرائیلی فوج کا دعویٰ ہے کہ ایران پر 30 گھنٹوں کے دوران 2000 بم گرائے گئے ہیں۔


