The news is by your side.

Advertisement

”آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے پر ڈالر نیچے آئے گا“

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے چنگل سے نکلنے پر امریکی ڈالر نیچے آئے گا اور اسٹاک مارکیٹ اوپر جائے گی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ مہنگائی میں اضافہ عمران خان کے آئی ایم ایف سے معاہدے سے ہوا، ان کے چنگل سے نکلیں گے تو ڈالر نیچے آئے گا، اسٹاک مارکیٹ اوپر جائے گی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ وہ معیشت کو جس نہج پر چھوڑ کر گئے اسے واپس لانا آسان کام نہیں، پیٹرول پر سبسڈی نے معاشی صورتِ حال کو شدید دباؤ سے دو چار کیا۔

مفتاح اسماعیل نے کہا کہ خرید اور قیمت فروخت کے فرق سے اربوں کا نقصان ہو رہا ہے، اسی وجہ سے تمام مارکیٹوں میں ہلچل ہوئی اور مہنگائی ہے، پیسے نہ ہوں پھر بھی سبسڈی دیں تو مزید قرض لینا پڑتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شرح سود میں اضافے کے ساتھ روپے پر دباؤ بڑھ رہا ہے، عمران خان نے ملکی تاریخ کا سب سے بڑا قرض لیا، عمران خان نے ساڑھے 3 سال میں 20 ہزار ارب روپے قرض لیا، اس قرض کی وجہ سے حکومت شدید معاشی دباؤ کا شکار ہوئی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ عمران خان 10.4 ارب ڈالر کے زرمبادلہ کے ذخائر چھوڑ کر گئے، زرمبادلہ کے یہ ذخائر 45 دن کی امپورٹس کے مساوی ہیں، ڈالر 179 پر تھا اور وزیر اعظم شہباز شریف کے آنے کے بعد ڈالر نیچے آیا تھا۔

مفتاح اسماعیل کا مزید کہنا تھا کہ اسٹاک ایکسچینج کو وزیر اعظم شہباز شریف پر اعتماد تھا، اس لیے 1700 پوائنٹس اضافہ ہوا، عمران خان کو ملک و قوم کے خلاف اپنے جرائم کا جواب دینا ہوگا،  ہم اس دلدل سے بھی نکلیں گے اور اسٹاک ایکسچینج پھر اوپر جائے گی۔

Comments

یہ بھی پڑھیں