استنبول(7 ستمبر 2026): مقبول ترین ترک تاریخی ڈرامہ سیریل ’کورولوش عثمان‘ میں ’میخائل کوسس‘ کا یادگار کردار نبھانے والے ترکیہ کے معروف اداکار سرحات مصطفیٰ کیلیچ استنبول میں اپنے اپارٹمنٹ میں مردہ حالت میں پائے گئے ہیں۔
استنبول کے ضلع کاگیتھانے میں واقع اپارٹمنٹ میں 5 ستمبر کو 51 سالہ اداکار کو ان کی دوست اوزلم ای نے گھر کے ایک کمرے میں کرسی پر بے حس و حرکت بیٹھے ہوئے پایا۔
دوست کے مطابق وہ 3 ستمبر سے مسلسل اداکار سے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہی تھیں مگر رابطہ نہ ہونے پر وہ خود ان کے گھر پہنچیں۔ گھر کے اندر اداکار کو سانس نہ لیتے دیکھ کر فوری طور پر ایمرجنسی سروسز کو مطلع کیا گیا، جہاں طبی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تصدیق کی کہ اداکار کا انتقال ہو چکا ہے۔
پولیس کو بیان دیتے ہوئے اوزلم ای نے بتایا کہ مرحوم اداکار کو کینسر (لمفک کینسر) کا مرض لاحق تھا۔ اداکار کی پراسرار موت کے بعد پولیس نے واقعے کی باقاعدہ تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
ابتدائی معائنے کے دوران اداکار کے جسم پر تشدد یا کسی کھلے زخم کے نشانات نہیں ملے، تاہم موت کی حقیقی اور حتمی وجہ کا تعین کرنے کے لیے میت کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 1975 میں پیدا ہونے والے سرحات مصطفیٰ کیلیچ ترکیہ کے انتہائی معروف فلمی و ٹی وی اداکار تھے۔ انہوں نے اپنے فنی سفر کا آغاز 1998 میں تھیٹر سے کیا تھا، جبکہ 2014 میں ان کی فلم ’کچ یوکوسو‘ نے مایہ ناز کانز فلم فیسٹیول کا ایوارڈ بھی جیتا تھا۔
انہوں نے ’سوز‘، ’کورولوش عثمان‘ اور ’محمد فاتح‘ سمیت کئی نامور ٹی وی سیریلز میں شاندار اداکاری کے جوہر دکھائے اور دنیا بھر میں اپنے مداحوں کے دلوں میں ایک خاص مقام بنایا۔


