استنبول: ترک وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ سعودی صحافی جمال خاشاقجی کے قتل کی تحقیقات اقوام متحدہ سے کراسکتے ہیں، خاشقجی کے قتل پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ترک وزیر خارجہ نے امریکی ہم منصب کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کے قتل پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہ کی جائے معاملے پر سعودی عرب اتنا تعاون نہیں کررہا جتنا کرنا چاہئے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ترکی سے جمال خاشقجی کے معاملے پر بات ہوئی ہے، دونوں ملکوں کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ خاشقجی کے قتل کے باوجود سعودی عرب سے تعاون جاری رہے گا، سعودی عرب کے خلاف سخت موقف اپنا کر عالمی معیشت کو تباہ نہیں کرنا چاہتے، تعلقات معمول پر رہیں گے۔
مزید پڑھیں: خادم الحرمین یا ولی عہد کی توہین برداشت نہیں کی جائے گی‘ سعودی وزیرخارجہ
یاد رہے کہ سعودی وزیر خارجہ عادل الجبیر نے کہا تھا کہ خاشقجی کے معاملے پر ایسی کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی جو ہماری بادشاہت کی توہین کرے، ولی عہد محمد بن سلمان کو منصب سے ہٹانے کا مطالبہ ایک سرخ لکیر ہے۔
خیال رہے کہ 2 اکتوبر میں سعودی صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی سفارت خانے گئے تھے جہاں انہیں قتل کردیا گیا تھا۔
بیس اکتوبر کو سعودی عرب نے باضابطہ طور پر یہ اعتراف کیا تھا کہ صحافی جمال خاشقجی کو استنبول میں قائم سفارت خانے کے اندر جھگڑے کے دوران قتل کیا گیا۔