کراچی : دودھ کی قیمت میں دس روپے کا من مانا اضافہ کر دیا گیا ہے، شہری انتظامیہ گرفتاریوں کے باوجود قیمت کم نہیں کروا سکی جبکہ دودھ فروش مافیا نے مارکیٹ سے دودھ اور دہی غائب کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق دودھ فروشوں نے تازہ دودھ کی فی لیٹر قیمت میں دس روپے کا خودساختہ اضافہ کر دیا ہے، جس کے بعد ایک لیٹر دودھ کی قیمت چورانوے روپے کی بلند ترین سطح پر چاپہنچی ہے۔
شہری انتظامیہ کی جانب سے گوالوں کی گرفتاری کے باوجود دودھ کی قیمتوں میں کمی نہ ہوسکی، الٹا شہر بھر کی دوکانوں سے دودھ اور دہی غائب کر دیا گیا۔
گزشتہ زرو کراچی میں دودھ کی قیمت میں خود ساختہ طور پر اضافہ کرنے والے دودھ فروشوں کو گرفتار او ر جرمانے عائد کئے گئے۔ کمشنر کراچی کے مطابق دودھ قیمت ستر روپے لیٹر ہے، دودھ فروش فی لیٹر چوبیس روپے اضافی وصول کر رہے ہیں، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔
فروشوں کے مطابق انہیں بھینس کالونی کے ہول سیلرز مہنگا دودھ فراہم کر رہے ہیں، جس کے باعث سابقہ قیمت میں دودھ فروخت کرنا ممکن نہیں۔