کراچی: جناح انٹرنیشل ایئرپورٹ پر بیرون ملک سے آنے والے مسافر سے لاکھوں مالیت کی غیرملکی کرنسی، موبائل فونز اور سونا برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ماڈل کسٹمز کلکٹریٹ نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 68 لاکھ 76 260 روپے مالیت کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی۔
غیرملکی ایئر لائن کی پرواز 221 سے امریکا سے براستہ ابوظہبی کراچی پہنچنے والے پاکستانی مسافر شہاب حسین گرین چینل کی سہولت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے سامان کے ہمراہ بغیر اسکیننگ کے آرائیول ہال سے باہر جا رہے تھے کہ کسٹمز کے عملے نے شک کی بنیاد پر انہیں روک لیا۔
کسٹم عملے کی جانب سے مسافر کے سامان کی اسکیننگ کی گئی تو سامان میں موبائل فونز اور کاسمیٹکس مصنوعات کی نشاندہی ہوئی جس پر مسافر کے تین سوٹ کیسز اور ایک شولڈر بیگ کو ایگزامینیشن کاونٹر پر لا کر مسافر کی موجودگی میں کھولا گیا۔
کسٹم حکام کے مطابق تلاشی کے دوران 21 لاکھ روپے مالیت کے 45 موبائل فونز، 10855 روپے مالیت کی کاسمیٹکس مصنوعات، 33400 روپے مالیت کا فوڈ اسٹف برآمد ہوا۔
مسافر کے زیب تن کیے ہوئے کپڑوں کی جیبوں سے 24،94،600 روپے مالیت کے 295 گرامز کے سونے کے زیورات اور 13،410 امریکن ڈالر برآمد کیے گئے۔برآمد شدہ سامان زیورات اور کرنسی کی کل مالیت 68،76،260 روپے ہے۔
مسافر کو کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر کے گرفتار کر لیا گیا ہے اور مجاز عدالت سے ریمانڈ حاصل کر کے مزید تفتیش کی جاری ہے۔