آبیدجان : آئیوری کے ساحل پر ملٹری کارگو طیارے کو حادثے کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق اور 6 زخمی ہوگئے ہیں.
تفصیلات کے مطابق آئیوری کے ساحل پر کارگو طیارہ گرنے سے طیارے میں سوار عملے کے چار افراد ڈوب کر ہلاک ہوگئے جب کہ دیگر 6 افراد کو زخمی حالت میں طیارے سے نکال لیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق کارگو طیارے کی خدمات فرنچ آرمی نے حاصل کی تھیں اور طیارے میں انہی کا سامان تھا جو انسداد دہشت گردی آپریشن میں استعمال ہونے والے سامان کی ترسیل پر معمور تھا کہ دوران پرواز حادثے کا شکار ہوگیا اور ساحل سمندر پر آن گرا۔
امدادی کاموں میں مشغول فائر بریگیڈ افسر نے میڈیا کو بتایا کہ کارگو طیارے میں 10 افراد سوار تھے جن میں 6 فرنچ اور 4 مالدووینز تھے جنہوں نے ملٹری ساز و سامان کے ہمراہ اواگدواگو سے برکھین کی جانب پرواز بھری لیکن آبیدجان کے قریب حادثہ کا شکار ہوگے۔
فرنچ آرمی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کے حادثے کی وجوہات کا تاحال علم نہیں ہوسکا ہے جس کے لیے ایک تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو جلد نتائج تک پہنچنے کے بعد اپنی رپورٹ پیش کرے گی جس میں ذمہ داروں کا تعین کیا جائے گا۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ فوج مخالف مسلح جدوجہد کو کچلنے کے لیے ملٹری آپریشن پوری شد و مد سے جاری ہے اور اس سلسلے میں کئی پروازوں کے ذریعے سامانِ حرب کی ترسیل کی جاتی رہی ہے تاہم اس قسم کا واقعہ پہلی مرتبہ رونما ہے جس کی تحقیقات کرنا نہایت ضروری ہے.
دوسری جانب کچھ حلقوں کی جانب سے حادثے کی وجہ موسم کی خرابی کو بتایا جا رہا ہے کیوں کہ حادثے کے وقت آبیدجان کے قریب تیز ہوائیں چل رہی تھیں جو تیز طوفان کا روپ دھار چکی تھی جس کے باعث ممکن ہے کہ طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا ہو.