ہفتہ, دسمبر 13, 2025
اشتہار

بچوں کی خصوصی طبی نگہداشت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی : جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی میں آٹزم بحالی مرکز اور پیڈی ایٹرک ڈینٹسٹری یونٹ کا افتتاح کر دیا، جو بچوں کی خصوصی طبی نگہداشت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت ہے۔

تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے یونیورسٹیز اینڈ بورڈز، جناب محمد اسماعیل راہو نے جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) میں آٹزم بحالی مرکز اور بچوں کے دانتوں کے علاج کے خصوصی یونٹ (پیڈی ایٹرک ڈینٹسٹری یونٹ) کا افتتاح کیا۔

یہ تقریب صوبے میں بچوں کی خصوصی طبی نگہداشت کے حوالے سے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔

افتتاحی تقریب کے بعد جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (این آئی سی ایچ) اور آٹزم کے ادارے سی-آرٹس کے درمیان آٹزم بحالی مرکز کے قیام اور عملی آغاز کے لیے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے۔

صوبائی وزیر محمد اسماعیل راہو نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا "آٹزم بحالی مرکز کا قیام اور بچوں کے دانتوں کے علاج کی سہولیات میں توسیع ہمارے نظامِ صحت میں ایک اہم خلا کو پُر کرے گی۔ ہر بچے کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ اپنی نیورولوجیکل یا جسمانی مشکلات کے باوجود ایک صحت مند اور بھرپور زندگی گزار سکے، حکومتِ سندھ ایسے منصوبوں کی بھرپور حمایت کرتی ہے جو ہماری آنے والی نسلوں کی بھلائی کو اولین ترجیح دیتے ہیں۔”

افتتاح کی تقریب کا ایک نمایاں پہلو ایس آئی او ایچ – جے ایس ایم یو پیڈی ایٹرک ڈینٹسٹری یونٹ کی توسیع کا افتتاح تھا۔ اس یونٹ میں چھ نئے ڈینٹل اسٹیشنز شامل کیے جا رہے ہیں تاکہ بچوں کے لیے خصوصی دانتوں کے علاج کی جدید سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ یہ توسیع کم عمر مریضوں اور ان کے اہلِ خانہ کے لیے ایک مؤثر اور آرام دہ علاج کے ماحول کو یقینی بنائے گی۔

وائس چانسلر جے ایس ایم یو ڈاکٹر نگہت شاہ، رجسٹرار ڈاکٹر اعظم خان، مختلف شعبہ جات کے سربراہان، پرنسپل ایس ایم سی پروفیسر عنبرین عثمانی ،پرنسپل ایس آئی او ایس ایچ پروفیسر ساجد حنیف ،اساتذہ، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر ناصر سدّل، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن سہراب زمان اور سی-آرٹس کی چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈاکٹر ارم رضوان نے بھی شرکت کی۔

جے ایس ایم یو کے پرو وائس چانسلر پروفیسر امجد سراج میمن نے مفاہمتی یاداشت کی تفصیلات بیان کرتے ہوئے کہا "اس معاہدے کے تحت جے ایس ایم یو، این آئی سی ایچ اور سی-آرٹس مل کر ایک آٹزم بحالی مرکز قائم کریں گے، جو آٹزم اسپیکٹرم ڈس آرڈر (ASD) کے شکار بچوں کو مفت خدمات فراہم کرے گا۔

اس اشتراک میں کلینیکل سروسز، تربیت، تحقیق، اور کمیونٹی آؤٹ ریچ شامل ہیں تاکہ آٹزم اور دیگر نیوروڈیولپمنٹل مسائل کے شکار بچوں کی بہتر تشخیص، بحالی، علاج، اور سماجی شمولیت کو فروغ دیا جا سکے، اس مقصد کے تحت جے ایس ایم یو اپنی مالی وسائل سے این آئی سی ایچ کے احاطے میں تین منزلہ عمارت تعمیر کرے گا جس میں یہ تمام خدمات فراہم کی جائیں گی، جن میں ایک سائیکو سوشیل ویلنیس سینٹر بھی شامل ہوگا۔”

ان سہولیات کا افتتاح جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ وہ خصوصاً بچوں اور نوعمر افراد کی صحت کے میدان میں۔طبّی تعلیم، تحقیق، اور کمیونٹی سروس کے فروغ کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔

+ posts

انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

اہم ترین

انور خان
انور خان
انور خان اے آر وائی نیوز کراچی کے لیے صحت، تعلیم اور شہری مسائل پر مبنی خبریں دیتے ہیں

مزید خبریں