اسلام آباد: وزیر مملکت پیٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کا کہنا ہے کہ روس سے تیل کی خریداری پر کسی قسم کی پابندیوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ حکومت روس کیساتھ تیل اور گیس کی خریداری پربات چیت کررہی ہے، روس کے ساتھ تیل کی خریداری کی تفصیلات طے کی جارہی ہیں، 20جنوری تک روس سے تیل خریداری کی تفصیلات منظر عام پر آجائیں گی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ تیل کے معاہدے سے متعلق پی ٹی آئی صرف باتیں کر رہی تھی، روس سے ہماری بات چیت کے منٹس موجود ہیں جبکہ پی ٹی آئی کی فائل میں کہیں منٹس نہیں، روسی سفیر نے کہا ہم سے گیس پائپ لائن کی بات کی، کیا روس کے سفیر نے بھی غلط بیانی کی؟۔
یہ بھی پڑھیں: روس سے تجارت، حکومت ‘عمران خان’ کے نقش قدم پر چل پڑی
ڈاکٹر مصدق ملک نے واضح کیا کہ روس سے تیل خریدنے پر امریکی پابندیوں کاسامنا نہیں کرنا پڑے گا، ابھی کئی یورپی ممالک نے روس سے تیل خریدا، کسی پر کوئی پابندیاں نہیں لگائی گئیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ عمران خان جیب سے نکال کر جو مرضی کہہ دیں سچ بن جاتا ہے، یہ ماننا ہے تو پھر وہ بھی ماننا پڑے گا جو وہ ہاتھ لہرا کر دکھا رہے تھے۔