اسلام آباد : حکام وزارت تجارت کا کہنا ہے کہ امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے تحت سونے کی درآمد ممنوع نہیں، بیرون ملک مقیم پاکستانی سونا لا سکتے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینٹ کی قائمہ کمیٹی تجارت کی ذیلی کمیٹی کا فدا محمد خان کی زیرصدارت اجلاس ہوا ، اجلاس میں وزارت تجارت کے حکام کی طرف سے سونے کی درآمد پر بریفنگ دی گئی۔
حکام وزارت تجارت نے بتایا کہ سونے کی بغیر ڈیوٹی اور کسٹمز درآمد کی اجازت ہے، اس کو ویلیوایڈیشن کے بعد 4 ماہ میں برآمد کرنا ہوتا ہے۔
حکام نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے سونے کی درآمد ممنوع کی ہوئی ہے، جس پر کنوینرکمیٹی نے پوچھا پابندی کی کیا وجہ ہے، جس پر حکام نے بتایا کہ سونے کی درآمد کے لیے زرمبادلہ استعمال ہوتا ہےاس لیے پابندی ہے۔
حکام وزارت تجارت کا کہنا تھا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی سونا لا سکتے ہیں اور چاندی کےلیےبھی یہی پالیسی ہے ، امپورٹ پالیسی آرڈر 2022 کے تحت سونے کی درآمد ممنوع نہیں۔
حکام نے مزید کہا کہ سونے کی درآمد کے لیے امپورٹر کو زرمبادلہ خوداکٹھاکرناہوتاہے، سونے کی درآمد کی اجازت پر بین الوازارتی غور جاری ہے۔